انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹس کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں کی ترقی اور کئی کی تنزلی ہوئی ہے۔
آئی سی سی پلیئرز رینکنگ میں کھلاڑیوں کی پوزیشنز کا تعین ان کی حالیہ انفرادی کارکردگی، حریف ٹیموں کے خلاف بنائے گئے رنز، حاصل کردہ وکٹوں اور میچوں کی اہمیت سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ یہ رینکنگ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں الگ الگ مرتب کی جاتی ہے، جس کے باعث ایک کھلاڑی کی پوزیشن مختلف فارمیٹس میں مختلف ہو سکتی ہے۔
آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل کی تنزلی ہوئی ہے، جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی بولرز نے نمایاں پوزیشنز برقرار رکھی ہیں۔
ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے ہیری بروک پہلے نمبر پر برقرار جبکہ جو روٹ بدستور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم 2 درجے تنزلی کے بعد 18 ویں نمبر جبکہ سعود شکیل بھی 2 درجے نیچے آنے کے بعد 12 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا 2 درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے بین ڈکٹ نے تین درجے ترقی کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ بھارتی کپتان شبھمن گل پہلے اور پاکستان کے بابر اعظم آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے ابرار احمد تیسرے اور شاہین شاہ آفریدی چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلی پوزیشن، پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دوسرے اور بھارت کے ایشان کشن تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے ابرار احمد تیسرے نمبر پر جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
واضح رہے کرکٹ ٹیموں کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقا پہلے ، ون ڈے میں بھارت اور ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ پہلے نمبر پر ہیں۔



