اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد روکنے کے حکم میں 2 ہفتے کی توسیع کردی۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ گزشتہ کئی برسوں سے تاخیر، قانون سازی میں تبدیلیوں، حلقہ بندیوں کے تنازعات اور وفاقی حکومت و الیکشن کمیشن کے درمیان اختلافات کا شکار رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات 2015 میں منعقد ہوئے تھے جن کے نتیجے میں میئر اور مقامی نمائندوں پر مشتمل بلدیاتی نظام قائم ہوا۔
2015 میں منتخب ہونے والے بلدیاتی اداروں کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوئی۔ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر نئے انتخابات کرانے تھے تاہم ایسا نہ ہو سکا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عمیر مجید ملک نے آج شہری امجد علی کی جانب سے ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی کے توسط سے دائر درخواست پر کیس کی سماعت کی جس میں انہوں نے حکم امتناع میں توسیع کر دی۔
عدالتی حکم امتناع کے بعد الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔
دوران سماعت جسٹس عمیر مجید ملک نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ آپ نے حل نہیں کیا؟ ایک وارڈ میں صرف 2 ووٹرز ہیں اس کا الیکشن کیسے ہو گا؟ 2015 کے قانون کے مطابق آپ نے حلقہ بندیاں کرنی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم نے تفصیلی آرڈر پاس کر دیا ہے وجوہات بھی دی ہیں، جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ آپ کچھ پروسیڈنگز کرتے تو کوئی اپیل فائل کرتا، وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ہم نے پروسیڈنگز کی ہیں، 6 دفعہ یہ ایکسرسائز کر چکے ہیں۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ ہمیں ابھی پتہ نہیں پارلیمنٹ اس پر کیا کرتی ہے۔ آپ نے مطمئن کرنا ہے حلقہ بندیوں کا پراسس مکمل ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے بھی ہمارے پاس کئی درخواستیں آئی ہیں۔درخواست گزار کہتے ہیں ہمیں یہ پتہ نہیں ہم کون سی وارڈ میں ہیں،14 اکتوبر کا آپ کا آرڈر آیا ہے کہ حلقہ بندیاں مکمل ہو گئی ہیں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے اپنے جواب میں کہا کہ جو قانون موجود ہے اس کے مطابق ہم نے حلقہ بندیاں کی ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو کرانے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی شیڈول جاری کیا تھا۔ شیڈول کے مطابق 30 اکتوبر کو امیدواروں سے کاغذات نامزدگی طلب کرنے کے لیے پبلک نوٹس جاری کیا جانا تھا جبکہ کاغذات نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک جمع کرائے جانے تھے۔
امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو جاری ہونا تھی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 9 سے 13 نومبر تک مکمل کیا جانا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے تعینات ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) اور ریٹرننگ افسران (آر اوز) کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات بھی تفویض کیے تھے تاکہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں اور انتخابی جرائم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ 2 ستمبر کو وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کے لیے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دی تھی جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کو تین کونسلز میں تقسیم کیا جانا تھا اور ہر کونسل کا اپنا میئر ہونا تھا۔


