نورس اٹلانٹک ایئرویز کی جانب سے اچانک آپریشن معطل کیے جانے کے باعث برطانیہ سے پاکستان آنے والی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی 2 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
نورس اٹلانٹک ایئرویز ناروے کی فضائی کمپنی ہے جسے 2021 میں قائم کیا گیا تھا۔ کمپنی طویل فاصلے کی بین الاقوامی پروازیں چلاتی ہے اور دوسری ایئرلائنز کو طیارے عملے سمیت کرائے پر بھی فراہم کرتی ہے۔ پی آئی اے نے بھی برطانیہ کے لیے اپنے فضائی آپریشن کو وسعت دینے کے لیے اس کمپنی سے طیارے ویٹ لیز پر حاصل کیے تھے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لندن سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 786 اور مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 710 کی منسوخی کی اطلاع ایسے وقت میں ملی جب دونوں ایئرپورٹس پر مسافروں کی بورڈنگ شروع ہونے والی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نورس اٹلانٹک نے کسی پیشگی اطلاع کے بغیر آپریشن معطل کیا جس سے مسافروں کو شدید پریشانی اور زحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
اپنے طیارے چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی آئی اے
پی آئی اے ترجمان کے مطابق ایئرلائن نے تیسرے فریق پر انحصار ختم کرنے اور پروازوں کے شیڈول میں مزید تعطل سے بچنے کے لیے 26 نومبر سے برطانیہ کے تمام فضائی آپریشن اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے متبادل انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں اور تمام روٹس پر پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق چلایا جائے گا۔
پی آئی اے نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اگلی دستیاب پروازوں میں منتقل کرنے کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ وہ نورس اٹلانٹک کے ساتھ یہ معاملہ معاہداتی اور انتظامی سطح پر اٹھا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق مسافر بکنگ میں تبدیلی اور پروازوں سے متعلق معلومات کے لیے پی آئی اے کے 24 گھنٹے فعال کال سینٹر +92-21-111-786-786، لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 اور مانچسٹر ایئرپورٹ پر ایئرلائن کے دفاتر سے رابطہ کرسکتے ہیں یا پی آئی اے کی ویب سائٹ سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
نورس اٹلانٹک کے مالی حالات سنگین کیوں ہوگئے؟
دوسری جانب نورس اٹلانٹک ایئرویز نے اپنے مالی حالات کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کو فوری طور پر نئے مالی وسائل کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے اخراجات پورے کرکے آپریشن جاری رکھ سکے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی کے اس اعلان کے بعد بدھ کو اس کے حصص کی قیمت میں 76 فیصد کمی ہوئی۔ نورس اٹلانٹک کا کہنا ہے کہ وہ قلیل مدتی مالی معاونت کے حصول کے لیے بات چیت کر رہی ہے تاہم اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ ان مذاکرات سے کوئی قابل عمل حل نکل سکے گا۔
کمپنی نے رواں برس جولائی میں ممکنہ فروخت یا کسی دوسری کمپنی کے ساتھ انضمام کے لیے باضابطہ عمل شروع کیا تھا۔ اسے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور آپریشنل اخراجات میں اضافے کا بھی سامنا ہے۔
ہوابازی کے تجزیہ کار جیمز ہالسٹیڈ نے رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ طویل فاصلے کی کم لاگت پروازیں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں کیونکہ ان کے مسافروں کی تعداد کا انحصار ٹکٹوں کی قیمتوں پر ہوتا ہے۔
ناروے کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی مسافروں کو واجب الادا معاوضہ ادا نہ کرنے پر نورس اٹلانٹک پر روزانہ 8 ہزار ناروے کرون جرمانہ عائد کیا ہے۔
پی آئی اے اور نورس اٹلانٹک کے درمیان معاہدہ
یاد رہے کہ پی آئی اے نے اکتوبر میں نورس اٹلانٹک ایئرویز کے ساتھ اے سی ایم آئی (طیارہ، عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس) معاہدہ کیا تھا جس کے تحت 2 بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے حاصل کیے جانے تھے۔ ان میں سے ایک طیارہ یکم نومبر کو اسلام آباد پہنچا تھا۔
پی آئی اے نے اس وقت کہا تھا کہ نئے ڈریم لائنر طیاروں کی شمولیت سے اس کے بیڑے میں توسیع ہوگی اور بڑھتے ہوئے سفری تقاضے پورے کرنے میں مدد ملے گی۔
رائٹرز کے مطابق نورس اٹلانٹک کی مشکلات یورپ کی چھوٹی ایئرلائنز کو درپیش وسیع تر مالی دباؤ کا حصہ ہیں۔ تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ بعض چھوٹی ایئرلائنز کے لیے موسم سرما کے دوران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی رقم جمع کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔
