اسپین کو یقین تھا کہ 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کا فائنل اسی کی سرزمین پر ہوگا لیکن اب مشترکہ میزبان مراکش نے بھی اس میچ کی میزبانی کے لیے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔ فائنل مقابلے کے لیے میڈرڈ کے سینتیاگو برنابیو، بارسلونا کے کیمپ نو اور کاسابلانکا کے قریب زیر تعمیر حسن دوم اسٹیڈیم میں سخت مقابلہ ہے۔
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے 2024 میں اسپین، پرتگال اور مراکش کو مشترکہ طور پر 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کا میزبان مقرر کیا تھا۔ ٹورنامنٹ کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں ارجنٹینا، یوراگوئے اور پیراگوئے میں بھی ایک، ایک میچ کھیلا جائے گا۔ البتہ ورلڈ کپ کے فائنل سمیت مرکزی مقابلوں کی میزبانی اسپین، پرتگال اور مراکش کے پاس ہی رہے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میزبانی ملنے کے بعد اسپین کے فٹبال حکام کو یہ توقع تھی کہ فائنل بھی اسپین میں ہی ہوگا کیونکہ پرتگال اس میچ کی میزبانی میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا جبکہ مراکش کو بولی میں بعد میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم اب مراکش کی بڑھتی ہوئی فٹ بال طاقت اور نئے بڑے اسٹیڈیم کی تعمیر نے اسپین کے اس اعتماد کو چیلنج کردیا ہے۔
اسپین سابق عالمی چیمپئن ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ سیاحوں کی آمد والے ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ فٹبال میں اس کی مضبوط تاریخ اور سیاحوں کو سنبھالنے کی صلاحیت کے باعث بڑے پیمانے پر توقع کی جا رہی تھی کہ ورلڈ کپ کا فائنل اسپین میں ہوگا۔
مقابلہ اسٹیڈیمز تک محدود نہیں رہا
تاہم فائنل کی میزبانی کا معاملہ اب صرف اسٹیڈیمز کے درمیان مقابلہ نہیں رہا بلکہ اس کا تعلق فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی عہدہ برقرار رکھنے کی کوششوں اور اسپین و مراکش کے درمیان تارکین وطن کے معاملے پر اختلافات سے بھی جڑ گیا ہے۔
یہ معاملہ اسپین کی اندرونی سیاست میں بھی داخل ہو چکا ہے۔ وزارت عظمیٰ کے ممکنہ امیدوار البرٹو نونیز فیخو نے کہا ہے کہ اگر اسپین کو فائنل کی میزبانی نہیں ملتی تو اسے پورے ٹورنامنٹ کی میزبانی سے دستبردار ہوجانا چاہیے۔

اسپینش فٹبال لیگ لالیگا کے سربراہ خاویر تباس اور میڈرڈ کے قدامت پسند میئر خوسے لوئس مارٹینیز المیدا نے بھی اس حوالے سے تشویش ظاہر کی ہے۔ میئر کا کہنا ہے کہ انہیں اسپین کی حکومت کی جانب سے مراکش جیسی تیاریوں اور عزم کا کوئی ثبوت نظر نہیں آیا۔
رائٹرز کے مطابق فیفا کے معائنہ کار اس ماہ اور اگلے ماہ ورلڈ کپ کے میزبان شہروں کا دورہ کر رہے ہیں تاہم عالمی فٹبال تنظیم نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ فائنل کے مقام کا اعلان کب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 2026 کے ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے نیویارک کے قریب واقع اسٹیڈیم کا انتخاب میچ سے دو سال پہلے کرلیا گیا تھا۔
مراکش فائنل کی میزبانی کیوں چاہتا ہے؟
مراکش نے فائنل اپنے نئے اسٹیڈیم میں کرانے کے لیے قومی سطح پر کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔ یہ اسٹیڈیم ملک کے سابق بادشاہ کے نام سے منسوب ہے اور اس میں ایک لاکھ 15 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ مکمل ہونے کے بعد یہ دنیا کا سب سے بڑا فٹبال اسٹیڈیم ہوگا۔
اس کے برعکس اسپین میں فائنل کے مقام پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا۔ میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان روایتی رقابت اور دونوں بڑے فٹبال کلبوں کے الگ الگ مطالبات نے اسپین کی کوششوں کو تقسیم کردیا ہے۔
رباط میں فٹبال کے ایک مداح 39 سالہ بلال جوہری کا کہنا ہے کہ مراکش بھی فائنل کی میزبانی کا اتنا ہی حق دار ہے جتنا اسپین۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مراکش فیفا کی عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر فیفا مراکش کو فائنل کی میزبانی دیتا ہے تو اس فیصلے کی مخالفت میں ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی دھمکی دینے والے لوگ ان تماشائیوں جیسے ہیں جو ریفری کے فیصلے پسند نہ آنے پر میچ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
برازیل میں 2014 کے فٹبال ورلڈ کپ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ رہنے والے ریکارڈو ٹریڈ نے کہا کہ اسپین کو مشترکہ میزبانی کی ابتدائی بولی کے وقت ہی یہ طے کرلینا چاہیے تھا کہ فائنل کس شہر میں ہوگا۔ ان کے مطابق اسپین کو فائنل ہاتھ سے نکلنے کا خدشہ ہے کیونکہ اسے پورا یقین تھا کہ یہ میچ اسی کے ملک میں ہوگا۔

ریکارڈو ٹریڈ نے کہا کہ ایک طرف بارسلونا اپنی خواہشات رکھتا ہے اور دوسری طرف ریال میڈرڈ کے اپنے مطالبات ہیں جبکہ مراکش اس منصوبے پر متحد دکھائی دیتا ہے اور اس کے پاس ایک لاکھ 15 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والا اسٹیڈیم بھی موجود ہے۔
بارسلونا فٹبال کلب کے صدر خوان لاپورٹا نے ستمبر میں کیمپ نو میں فائنل کرانے کے لیے کوششیں کی تھیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ 1982 کے ورلڈ کپ کا فائنل برنابیو میں ہوچکا ہے اس لیے اب کیمپ نو کو موقع ملنا چاہیے۔
اسپین کی فٹبال فیڈریشن سے وابستہ بعض ذرائع نے لاپورٹا کے اس بیان پر ناراضی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مراکش کے مقابلے میں اسپین کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ملک کے تمام فٹ بال حلقے ایک مؤقف اختیار کریں۔
بولی کے عمل میں شامل پرتگال کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اسپین کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ مراکش فائنل کی میزبانی کے لیے اتنی سنجیدگی سے کوشش کرے گا۔ اسپین نے سمجھ لیا تھا کہ مراکش چونکہ ابتدائی بولی کا حصہ نہیں تھا اس لیے فائنل کی میزبانی یقینی طور پر اسپین کو ملے گی۔
اسپین اور مراکش میں کشیدگی
اسپین کی فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل الوارو ڈی میگوئل نے تاہم ملک میں اختلافات کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مراکش کے ایک اسٹیڈیم کے مقابلے میں اسپین کے پاس 2 اسٹیڈیمز موجود ہیں جس سے اس کی کامیابی کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ کی میزبانی کی بولی اس وقت تیار کی گئی تھی جب اسپین کی فٹبال فیڈریشن اندرونی مسائل کا شکار تھی۔ اس وقت فیڈریشن کے سابق صدر لوئس روبیالس 2023 کے ویمنز ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑی جینی ہرموسو کو ہونٹوں پر بوسہ دینے کے تنازع کا سامنا کر رہے تھے۔

اس منصوبے کی تیاری ایسے وقت میں بھی ہوئی جب اسپین اور مراکش کے درمیان تارکین وطن کے معاملے پر کشیدگی پائی جاتی تھی۔ 2021 میں ہزاروں افراد نے اسپین کے زیر انتظام افریقی علاقے سیوتا میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہوئے تھے۔
اسپین کی فٹبال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم پیدرو سانچیز چاہتے تھے کہ 2018 میں رباط کے دورے کے دوران وہ خود مراکش کو اس منصوبے میں شمولیت کی دعوت دیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے فیڈریشن کے اس منصوبے کو روک دیا تھا جس کے تحت مراکش کو مشترکہ بولی میں شامل ہونے کی دعوت دینے کا اعلان کیا جانا تھا۔
فیفا کے صدر انفینٹینو کا کردار
رائٹرز کے مطابق فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو بھی فائنل کی میزبانی کے فیصلے پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ ان دنوں وہ یورپ کی فٹ بال تنظیم یوئیفا کے ساتھ اقتدار کی کشمکش میں ہیں۔ یوئیفا نے ورلڈ کپ میں 20 فیصد حصص فروخت کرنے کے منصوبے پر انفینٹینو سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔
لالیگا کے سربراہ خاویر تباس نے ستمبر میں کہا تھا کہ انفینٹینو مراکش کی حمایت کرسکتے ہیں کیونکہ مراکش ان کی دوبارہ صدر منتخب ہونے کی کوششوں کی حمایت کر رہا ہے۔ تباس کے مطابق اگر انفینٹینو فیفا کے صدر برقرار رہتے ہیں تو فائنل کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے اسپین کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔

مراکش کی فٹ بال فیڈریشن انفینٹینو کی مضبوط حامی رہی ہے۔ حصص فروخت کرنے کا منصوبہ سامنے آنے کے بعد سے انفینٹینو نے رباط میں فیفا کے نئے علاقائی ہیڈکوارٹرز میں بھی طویل وقت گزارا ہے۔ انہیں اگلے سال مارچ میں مراکش میں ہونے والی فیفا کانگریس کے دوران دوبارہ صدر منتخب ہونے کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
تاہم لالیگا سے وابستہ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ ریال میڈرڈ کے صدر فلورینٹینو پیریز انفینٹینو کے قریبی ساتھی ہیں اور وہ فائنل اسپین کو دلانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فائنل کے مقام کے انتخاب کے لیے کوئی طے شدہ طریقہ کار موجود نہیں۔ اس حوالے سے میزبان شہروں، ملکوں اور حکومتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
اسٹیڈیمز، ہوٹل اور دیگر سہولتیں
اسپین کے حکام کا کہنا ہے کہ میڈرڈ بڑے اور اہم فٹبال مقابلوں کے انعقاد کا تجربہ رکھتا ہے۔ اس کی مثال 2018 میں جنوبی امریکا کے دو بڑے کلبوں ریور پلیٹ اور بوکا جونیئرز کے درمیان کوپا لیبرٹاڈورس کا فائنل ہے جو تماشائیوں کے تشدد کے باعث جنوبی امریکا سے منتقل کرکے میڈرڈ میں کرایا گیا تھا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ مراکش 2024 سے 2030 کے درمیان تقریباً 19 ارب ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس رقم سے ہوائی اڈے، اسٹیڈیم، ہوٹل اور تیز رفتار ریلوے نیٹ ورک تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کاسابلانکا سے 45 کلومیٹر دور واقع نئے اسٹیڈیم کو شہر سے ملانے کے لیے ریلوے اسٹیشن اور شاہراہ بھی بنائی جائے گی۔
تاہم ہوٹلوں کی سہولتوں کے معاملے میں کاسابلانکا کو میڈرڈ اور بارسلونا کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا۔ فیفا کی ایک تکنیکی رپورٹ میں کاسابلانکا میں عام لوگوں کے لیے ہوٹلوں کی سہولیات کو 5 میں سے 3.1 جبکہ اسپین کو 5 نمبر دیے گئے ہیں۔
ریکارڈو ٹریڈ کے مطابق ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کا فیصلہ صرف اسٹیڈیم، ہوٹلوں اور ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی بنیاد پر نہیں ہوتا بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ میزبانی سے کس ملک کو زیادہ فائدہ پہنچے گا۔
مراکش کی فٹبال فیڈریشن کے صدر فوزی لقجع نے سرکاری ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ 2030 کا ورلڈ کپ ملک کے لیے ریلوے نظام کو وسعت دینے اور کاسابلانکا کے پورے علاقے کو ترقی دینے کا ایک بڑا موقع ہے۔
