آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنرعثمان خواجہ نے کہا ہے کہ پیٹ کمنز کی طویل پریس کانفرنس میں ذاتی حملوں سے انہیں شدید دکھ پہنچا تاہم وہ اب بھی آسٹریلوی کپتان سے محبت کرتے ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف 2018 کی ٹیسٹ سیریز کے دوران نیولینڈز ٹیسٹ میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کی جانب سے سینڈ پیپر استعمال کرکے گیند کی حالت تبدیل کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔اس واقعے کے نتیجے میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عثمان خواجہ نے اپنی حالیہ سوانح عمری ’صبر‘ میں انکشاف کیا کہ بال ٹیمپرنگ کا معاملہ صرف نیولینڈز ٹیسٹ تک محدود نہیں تھا اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی اس سرگرمی کا علم تھا۔ان انکشافات کے بعد کیمرون بینکرافٹ نے بھی اپنا تفصیلی مؤقف پیش کیا جس کے بعد پیٹ کمنز نے پریس کانفرنس میں خواجہ کے الزامات کو مکمل طور پر غلط قرار دیا تھا۔
عثمان خواجہ نے کرکٹ پوڈ کاسٹ ’دی گریڈ کرکٹر‘ کو اپنے تفصیلی انٹرویو میں بتایا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ پیٹ کمنز اس انداز میں ذاتی طور پر ان پر تنقید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ کمنز آسٹریلیا کے کپتان برقرار رہیں اور ان کا مقصد کسی فرد کو نقصان پہنچانا نہیں تھا۔
عثمان خواجہ کے مطابق انہوں نے سڈنی میں پریس کانفرنس سے قبل پیٹ کمنز کو پیغام بھیجا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ وہ ایسا درمیانی راستہ اختیار کریں گے جس سے تمام متعلقہ افراد کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جاسکے لیکن کمنز نے اس کے برعکس سخت مؤقف اختیار کیا۔
عثمان خواجہ نے کہا کہ وہ پیٹ کمنز کو بطور انسان اور رہنما ہمیشہ پسند کرتے رہے ہیں تاہم ان کی جانب سے طویل وقت تک ذاتی تنقید جاری رکھنا مایوس کن تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پریس کانفرنس دیکھتے ہوئے ان کی اہلیہ ریچل بھی ان کے ساتھ موجود تھیں اور بار بار ان کی خیریت دریافت کر رہی تھیں لیکن اس وقت وہ اپنے جذبات کی وجہ سے جواب دینے کی حالت میں نہیں تھے۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی کی شخصیت کا فیصلہ محض ایک پریس کانفرنس کی بنیاد پر نہیں کریں گے اور پیٹ کمنز کے لیے ان کے دل میں اب بھی بہت محبت ہے۔
عثمان خواجہ نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو ایک بیان کا مسودہ بھیجا تھا جس کا مقصد 2018 کے بال ٹیمپرنگ تنازع پر ٹیم کے اجتماعی مؤقف کو سامنے لانا اور معاملے کو ختم کرنا تھا۔
عثمان خواجہ کے تجویز کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ٹیم تسلیم کرتی ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران گیند کی حالت مصنوعی طریقے سے تبدیل کرکے بال ٹیمپرنگ کی گئی تھی۔
بیان کے مطابق اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ اس مقصد کے لیے سینڈ پیپر استعمال کیا گیا یا کوئی دوسرا طریقہ، ٹیم کو معلوم تھا کہ وہ کیا کر رہی ہے اور اس کی مکمل ذمہ داری پوری ٹیم اور اسکواڈ قبول کرتا ہے۔
تجویز میں اسٹیون اسمتھ، کیمرون بینکرافٹ اور ڈیوڈ وارنر کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان سے معذرت بھی شامل تھی۔
عثمان خواجہ کے مطابق ٹوڈ گرین برگ نے اس تجویز کے مؤثر ہونے پر تحفظات ظاہر کیے کیونکہ ٹیم کے 4 اہم فاسٹ بولرز 2021 کے اپنے بیان پر قائم ہیں جس میں انہوں نے بال ٹیمپرنگ سے متعلق پہلے سے علم ہونے کی تردید کی تھی۔
کیمیرون بینکرافٹ کی جانب سے گزشتہ ہفتے 4 ہزار الفاظ پر مشتمل مضمون شائع کیے جانے کے بعد پیٹ کمنز پر بھی دباؤ بڑھ گیا تھا اور بعض حلقوں کی جانب سے انہیں کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ نے گزشتہ ہفتے کمنز کی متفقہ حمایت کا اعلان کیا جس پر عثمان خواجہ نے خوشی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی فرد کو ذاتی طور پر تکلیف پہنچانا نہیں چاہتے اور ہمیشہ چاہتے تھے کہ پیٹ کمنز آسٹریلیا کی قیادت جاری رکھیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ تنازع سے متعلق حقائق سامنے لانے کے لیے آزادانہ فورم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں اس وقت کی ٹیم سے وابستہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
عثمان خواجہ نے تصدیق کی کہ وہ اس فورم میں ضرور شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹوڈ گرین برگ سے بات کی ہے کہ اس عمل میں مکمل شفافیت ہونی چاہیے اور تمام معلومات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
کرکٹ آسٹریلیا رواں ہفتے آزادانہ فورم کی تفصیلات کا اعلان کرنے والا ہے جس میں اہم سوال یہ ہوگا کہ تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آنے والی کتنی معلومات عوامی سطح پر جاری کی جائیں گی۔


