بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کے بعد اب اجے دیوگن بھی ومل الائچی کے اشتہار کے تنازع میں سامنے آگئے ہیں جنہوں نے اشتہار میں کام کرنے سے روکنے کے مہاراشٹر کے حکام کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی حکام نے رواں برس اگست میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کو ’ومل الائچی‘ کے اشتہار میں کام کرنے پر نوٹس جاری کیے تھے۔ حکام کا مؤقف تھا کہ ’ومل‘ کا نام بنیادی طور پر پان مصالحے سے جڑا ہے جس کی ریاست میں فروخت ممنوع ہے اور الائچی کے اشتہار کے ذریعے اسی برانڈ کی بالواسطہ تشہیر کی جارہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اجے دیوگن کی جانب سے دائر درخواست سے متعلق عدالتی دستاویز 15 اکتوبر کی ہے۔ اداکار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الائچی پر ریاست میں کوئی پابندی نہیں اور کسی ایسی مصنوعات کی تشہیر سے نہیں روکا جاسکتا جس کی فروخت قانونی ہو۔

اجے دیوگن کے علاوہ شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف نے بھی حکام کو نوٹسز کے جواب جمع کرائے تھے تاہم دونوں اداکار عدالت نہیں گئے۔ مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی کمشنر تکارام منڈھے نے رائٹرز کو بتایا کہ نیتوں اداکاروں نے ستمبر کے آخر تک اپنے جوابات جمع کرائے تھے البتہ شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کے جوابات کا اب الگ سے جائزہ لیا جارہا ہے۔
اشتہار میں ایسا کیا ہے جس پر اعتراض کیا گیا؟
ومل الائچی کے اس اشتہار میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کو ہولی کھیلتے اور ایک دوسرے پر زعفران پھینکتے دکھایا گیا ہے۔ اشتہار میں اجے دیوگن الائچی استعمال کرتے ہیں جس کے بعد تینوں اداکار جشن مناتے نظر آتے ہیں۔
2 سال قبل جاری ہونے والے اس اشتہار کو صرف ہندی زبان میں یوٹیوب پر 10 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جبکہ دوسری بھارتی زبانوں میں ڈب کیے گئے اس کے کلپس بھی لاکھوں مرتبہ دیکھے گئے ہیں۔
ومل الائچی اور پان مصالحہ بنانے کا لائسنس رکھنے والی کمپنی پی بی ایگرو کے وکیل دشیانت مہانت نے رائٹرز کو بتایا کہ کمپنی مہاراشٹر میں ومل کی تشہیر نہیں کرتی بلکہ اس کے اشتہارات قومی سطح پر نشر ہونے والے ٹی وی چینلز کے ذریعے دکھائے جاتے ہیں جنہیں کسی ایک ریاست تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔
نئی دہلی کے وکیل انوج تیواری کے مطابق اجے دیوگن کا مقدمہ اس معاملے میں ایک مثال بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مقدمے سے یہ بھی طے ہوسکتا ہے کہ پابندیاں عائد کرنے سے پہلے متعلقہ محکمے کو کس طریقہ کار پر عمل کرنا چاہیے اور بالواسطہ تشہیر کی حدود کیا ہیں۔
ایسے اشتہارات سے بالی ووڈ اداکار کتنا کماتے ہیں؟
ممبئی کے اسکرین رائٹر سریش میتھیو کے مطابق بعض بالی ووڈ اداکاروں کی آمدنی کا 30 فیصد تک حصہ اشتہارات اور برانڈز کی تشہیر سے حاصل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمباکو سے منسلک مصنوعات کے اشتہارات کے لیے عام مصنوعات کے مقابلے میں زیادہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔
ان کے مطابق بیشتر اداکار جانتے ہیں کہ کب کسی مصنوعات کو دوسری ممنوع مصنوعات کی بالواسطہ تشہیر کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ بعض اداکار ایسی مصنوعات کے اشتہارات میں کام کرنے سے انکار بھی کرچکے ہیں جنہیں وہ صحت کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔
بھارت میں پان مصالحے کا کاروبار کتنا بڑا ہے؟
صنعتی اندازوں کے مطابق بھارت میں پان مصالحے کی مارکیٹ گزشتہ سال تقریباً 5 ارب ڈالر کی تھی۔ مہاراشٹر میں اس کی فروخت ممنوع ہے تاہم بھارت کی دوسری ریاستوں میں ومل کے تمباکو سے پاک پان مصالحے کا ایک پیکٹ تقریباً 5 بھارتی روپے میں فروخت ہوتا ہے۔
صحت کے ماہرین کے مطابق پان مصالحے کا استعمال منہ کے اندرونی حصوں کے سخت ہونے اور سکڑنے کی بیماری کا بڑا سبب ہے جسے اورل فائبروسس کہا جاتا ہے۔ یہ بیماری بعض صورتوں میں منہ کے سرطان میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
پان مصالحہ اکثر چبانے والے تمباکو کے ساتھ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ دکانوں پر دونوں مصنوعات الگ الگ پیکٹوں میں ایک ساتھ فروخت ہوتی ہیں۔ اس طرح کے پیکٹوں کو ’ٹوئن پیکس‘ کہا جاتا ہے اور تمباکو کی پڑیا عموماً غیر برانڈڈ ہوتی ہے۔
سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کیا ہے؟
بھارت میں شراب اور تمباکو کی تشہیر پر پابندیاں ہیں لیکن ان مصنوعات سے وابستہ کمپنیاں بعض اوقات سوڈا، پانی اور شیشے کے برتن جیسی دوسری مصنوعات کے ذریعے اپنے برانڈز کی تشہیر کرتی ہیں۔ اشتہارات کے اس طریقے کو سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کہا جاتا ہے۔
کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ یہ دوسری مصنوعات الگ کاروبار رکھتی ہیں اور ان کی تشہیر پر پابندی نہیں ہونی چاہیے جبکہ صحت عامہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس کا اصل مقصد ممنوع مصنوعات کے برانڈ کو صارفین کے ذہنوں میں زندہ رکھنا ہوتا ہے۔
بھارتی حکام 2024 سے ایسے اشتہارات پر پابندی کے لیے مزید سخت قواعد وضع کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اجے دیوگن کا مقدمہ اس بحث میں اہمیت اختیار کرگیا ہے کیونکہ ممبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ یہ طے کرنے میں مدد دے سکتا ہے کہ کسی قانونی مصنوعات کا اشتہار کب ممنوع مصنوعات کی بالواسطہ تشہیر تصور ہوگا۔
