جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے اپنے خلاف حکومتی اقدامات سے متعلق گفتگو کی۔
یہ ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مولانا فضل الرحمان اور وفاقی حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دونوں جانب سے وفاقی حکومت کی پالیسیوں، خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ اور صوبے کے سیاسی و معاشی حقوق کے معاملے پر سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے۔ جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار اہم ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا فون
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات، ان کے خلاف سیاسی انتقام اور انہیں نشانہ بنائے جانے کی مذمت
حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہئیے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے گفتگو
جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے بات چیت
حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئیے جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ
— PPP (@MediaCellPPP) November 15, 2026
بلاول بھٹونے مولانا سے کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں۔ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ سیاسی انتقامی کارروائیوں کی بھی مذمت کی۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام نے اتوار کو خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے، جن میں پارٹی قیادت کے خلاف مبینہ پروپیگنڈے اور تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں پر احتجاج کیا گیا۔
جے یو آئی کی صوبائی قیادت نے رواں ہفتے پشاور میں مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد ان مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ احتجاج کا مقصد مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مبینہ جعلی بیانات، ویڈیوز اور پروپیگنڈے کی مذمت کرنا ہے۔
جے یو آئی نے صوبائی حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کارروائیوں میں قانونی دکانوں، تجارتی عمارتوں، گھروں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔
جمعیت علمائے اسلام نے خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کے انتظام اور استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معدنیات کی تلاش، نکاسی اور نقل و حمل کے حوالے سے غیر ملکی ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں۔
مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت معدنی وسائل کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے اور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔
حالیہ احتجاج جے یو آئی (ف) اور وفاقی حکومت کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات کی عکاسی کرتا ہے، جو اکتوبر میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد مزید شدت اختیار کر گئے تھے۔
مولانا فضل الرحمان وفاقی حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اس کے جواز پر سوالات اٹھا چکے ہیں اور الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ مرکز صوبے کے آئینی حقوق کو کمزور کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے حکومت اور صوبے کے درمیان سیاسی رابطوں اور مفاہمت کے لیے ان کی کوششوں کے دوران کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔
مولانا فضل الرحمان کی تنقید پر وفاقی وزراء کی جانب سے بھی سخت ردعمل سامنے آیا، جس سے جے یو آئی اور حکمران اتحاد کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو مسلسل حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ سیاسی محاذ آرائی کم کرکے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔
10 نومبر کو بلاول بھٹو نے سیاسی نظام کو نئے سرے سے فعال بنانے کے لیے ’سیاسی ری سیٹ‘ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ اپوزیشن سے رابطوں سے پہلے حکومتی اتحادیوں کا اعتماد بحال کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ محاذ آرائی کے بجائے مل کر کام کرنا چاہیے، خصوصاً ایسے وقت میں جب پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کو ایران پر امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ حکومت کو سیاسی مخالفین کے خلاف نئے محاذ کھولنے کے بجائے اپنے اتحادیوں اور اپوزیشن کے ساتھ اعتماد سازی کرنی چاہیے۔



