لیبیا کے قریب تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں باجوڑ کے 35 نوجوانوں سمیت متعدد افراد کی ہلاکت یا لاپتا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ واقعے کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
رواں سال تارکین وطن کی کشتی الٹنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی کئی کشتیاں حادثے کا شکار ہوچکی ہیں جن میں متعدد پاکستانی بھی اپنی جان گنوا چکے ہیں۔
تازہ حادثے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد ضلع بھر میں سوگ کی فضا ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں نے میتوں کو وطن واپس لانے کے لیے حکومت اور عالمی اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
حادثہ کب اور کہاں پیش آیا؟
متاثرہ خاندانوں کے مطابق یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کا افسوسناک حادثہ 21 نومبر کو بحیرہ روم میں لیبیا کے قریب پیش آیا۔
لوئی ماموند تحصیل کے رہائشی ناصر خان نے ڈان کو بتایا کہ حادثے کی پاکستانی اور اطالوی حکومتوں کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی عالمی میڈیا یا امدادی اداروں نے اس کی اطلاع دی ہے تاہم متاثرین کے ایجنٹوں سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق حادثہ گزشتہ ہفتے، ہفتے کے روز پیش آیا تھا۔
لوئی ماموند کے علاقے لرخولو زو کے بزرگ جاوید خان نے بھی ڈان سے گفتگو میں تصدیق کی کہ علاقے کے تقریباً 11 نوجوان اس حادثے سے متاثر ہوئے ہیں۔
20 سے 27 سال کے نوجوان حادثے کا شکار
رپورٹس کے مطابق حادثے میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً 35 ہوسکتی ہے جن میں زیادہ تر نوجوانوں کی عمریں 20 سے 27 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
ان نوجوانوں کا تعلق باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند اور سالارزئی کے مختلف علاقوں سے تھا۔
ڈان کو موصول ہونے والی متاثرین کی فہرست کے مطابق سالارزئی تحصیل سے تعلق رکھنے والوں میں وحیداللہ، راحت اللہ، پذیراللہ، نعمت اللہ، شیرداد، عبدالمنان اور اظہاراللہ شامل ہیں۔
اسی طرح لوئی ماموند تحصیل سے منصور، ارشاد، عارف اللہ، ذاکر، سلیمان، نعمت اللہ، آصف، جنید، لطیف خان، محمد سلیمان، محمد خان، صلاح الدین، ثناء اللہ، بلال خان، عنایت خان، عنایت اللہ، جنید خان اور جلال خان کے نام سامنے آئے ہیں۔
نمازِ جنازہ غائبانہ ادا، میتیں وطن لانے کا مطالبہ
حادثے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد متاثرین کے آبائی علاقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ متعدد متاثرین کی نمازِ جنازہ غائبانہ ادا کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
جن افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ان میں محمد خان، سلمان خان، گل رازق، جنید خان اور لطیف خان (ساکنان غاخی، ماموند) جبکہ راحت اللہ، پذیر اللہ، نعمت اللہ اور شیراز (ساکنان چوہترہ، تحصیل سالارزئی) شامل ہیں۔
شرکا نے حکومت اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں جلد از جلد ان کے آبائی علاقوں میں پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
پاکستانی سفارتخانے اور حکام کا مؤقف
حادثے اور متاثرین کی تعداد کے حوالے سے وفاقی حکومت، دفتر خارجہ یا کسی عالمی ادارے کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے اپنے نامہ نگار کو بتایا کہ انہیں اس حادثے کا علم نہیں تھا اور انہوں نے اس بارے میں خبری رپورٹس کے ذریعے سنا تاہم اہلکار کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے لیبیا کے حکام اور اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) سے رپورٹس طلب کی گئی ہیں جن کی جانب سے تاحال واقعے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
منتخب نمائندوں اور سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ افسوس
باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قبائلی اضلاع مبارک زیب خان نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر پاکستانی سفارتخانے اور وزارتِ سمندر پار پاکستانی کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
مبارک زیب خان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ لاپتا افراد کی تلاش اور لاشوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ان کے کزن پذیراللہ بھی متاثرین میں شامل ہیں۔
اس افسوسناک واقعے پر تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی انور زیب خان، ڈاکٹر حمیدالرحمان اور اجمل خان، عوامی نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی محمد نثار خان، مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہاب الدین خان، جماعت اسلامی کے رہنما صاحبزادہ ہارون رشید اور گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان ارسلان خان ناظم نے کہا کہ روزگار اور بہتر مستقبل کی امید میں گھر چھوڑنے والے باجوڑ کے 30 سے زائد نوجوانوں کا لیبیا کے قریب سمندر میں ڈوب جانا انتہائی افسوسناک سانحہ اور قومی المیہ ہے۔
