لاہور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کی ’گھر میں نظر بندی‘ کے خلاف دائر درخواست پر کیپٹیل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او) لاہور کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وکیل ایڈووکیٹ ابرار حسین کی جانب سے گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جسے گزشتہ شام 5 بجے تک سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے آج ایڈووکیٹ ابرار حسین کی درخواست پر سماعت کی، جس کے آغاز پر عدالت نے کہا کہ اگر نظر بندی ہوئی ہے تو معاملہ گمبھیر نوعیت کا ہے جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان کو اگر نظر بند کیا ہے تو وجوہات دینا ہوں گی۔
بعدازاں عدالت نے سی سی پی او لاہور کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں اپنے گھر سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ’اس وقت ریاستی حصار میں ہیں‘ اور لاہور کے تمام راستے بند ہونے کے باعث لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست خطاب نہیں کر سکیں گے۔
جبکہ دوسری جانگ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمنٰ سے کسی قسم کا کوئی رابطہ ہوا نہ ہی انہیں کسی تھریٹ الرٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ مبینہ محاصرے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ”مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کے بھی کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے۔“
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حکومت مخالف بیانات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق ہو گیا تھا مگر وفاقی حکومت نے اس کے باوجود گورنر راج نافذ کر دیا۔
اس کے بعد مولانا فضل، ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا جس پر پارٹی نے حکومت پر ’کریک ڈاؤن‘ اور ’انتقامی کارروائی‘ لانچ کرنے کے الزامات عائد کیے جنہیں حکومتی رہنما بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔ اس کے بعد پارٹی نے 19 نومبر مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ان کی ’تمام سکیورٹی‘ واپس لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔


