پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے کامیابی سے زمین کے مدار میں پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ 2 چینی خلا باز بھی موجود ہیں۔ اس تاریخی پرواز کے ساتھ ذیشان علی زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
خلائی جہاز شین ژو 24 پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے جیو کوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے روانہ ہوا۔ یہ خلائی جہاز تقریباً ساڑھے 3 سے 5 گھنٹے کے دوران تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگا۔
خلائی مشن میں ذیشان علی کے ہمراہ چینی خلا باز تانگ ہونگبو مشن کمانڈر جبکہ وو یی فلائٹ انجینئر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ذیشان علی مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر شامل ہیں اور واپسی پر شینژو 23 خلائی جہاز استعمال کریں گے۔
روانگی سے قبل خلا بازوں کی الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 40 منٹ پر ہونے والی اس تقریب کو پی ٹی وی سے براہ راست نشر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
