پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم بنیں جو اپنے 5 سال مکمل کریں۔
کراچی میں جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔ ہمارے خطے میں جو جنگ کے حالات ہیں۔ ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جنگ کا جو معاشی بوجھ ہے پاکستان کا ہر شہری اپنے کندھوں پر اٹھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا اور حقیقت یہ ہے کہ ہمارے سامنے امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آ رہا اور اگر یہ معاہدہ ہوا بھی تو معاشی بحران سے نمٹنے میں بہت وقت لگے گا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ان حالات میں دنیا بھر کی ہر حکومت چاہے وہ جنگ میں شریک ہو یا نہیں، ان کی پوری توجہ، ان کے سیاست دانوں، حکومتوں، صوبائی حکومتوں کی توجہ اس پر ہے کہ معاشی بحران میں عوام کو کیا کیا معاشی ریلیف دلوا سکتے ہیں۔ عوام کے کندھوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے کیا کیا اقدامات کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آنے والے وقت میں معاشی مشکلات میں کمی نہیں اضافہ ہو گا اور جب ایسے حالات ہیں کہ آگے کی منصوبہ بندی ہم کیا کرسکتے ہیں تو دنیا بھر میں ایک ہی توجہ ہے۔ لیکن افسوس کے ساتھ ہمارے ملک میں حکمرانوں، سیاست دانوں نے عوام کے مسائل پر توجہ دینا بند کردی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لیکن روٹی، کپڑا، مکان دلوانے والی پاکستان پیپلزپارٹی تین نسلوں سے ملک کے غریب، پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والوں، محنت کشوں، کسانوں کی رہنمائی کرتی آ رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی سوچ یہ ہے کہ کسی اور مسئلے پر توجہ نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ توجہ ہونی چاہیے کہ ہم اپنے محدود وسائل میں عوام کو کیسے مدد پہنچا سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کا ”بینظر ہاری کارڈ“ ایک ایسا طریقہ ہے جو صوبے کے چھوٹے کسانوں، 25 ایکڑ تک رکھنے والے زمینداروں کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔
ان کے بقول 6 لاکھ افراد کی اس پروگرام کے ذریعے مالی مدد کی جائے گی۔ ان کے بقول گندم کے کاشتکاروں کو چار ہزار روپے فی ایکڑ مالی مدد فراہم کریں گے جب کہ جب ان سے گندم حاصل کریں گے تو 2 ہزار روپے مزید دیے جائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جس معاشی بحران سے ہم گزر رہے ہیں پاکستان نے اس طرح کا معاشی بحران پہلے کبھی نہیں دیکھا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہباز شریف کو دو مرتبہ میں نے وزیرِاعظم بنایا۔ ایک دفعہ کابینہ میں ان کے ساتھ کام کیا اور اس دفعہ جس انداز میں ہم سپورٹ کرر ہے ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں۔
ان کے بقول وزیرِ اعظم اس پر فخر کرتے ہیں کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے انہوں نے بچایا۔ وہ اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ان کی ٹیم نے پاکستان کی معیشت کے بنیادی اشاریوں کو مستحکم کردیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہ جب جنگ شروع ہوئی تو اس کے بعد معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ لیکن وزیرِ اعظم اور ان کی ٹیم نے بہت محنت کی کہ امن قائم ہو تاکہ یہ معاشی مشکلات کا خاتمہ ہو۔ یہ محنت ابھی تک جاری ہے لیکن افسوس کے ساتھ جہاں امن کی کوششیں جاری ہیں وہاں وزیرِاعظم کو یہ موقع ہی نہیں دیا گیا کہ وہ معاشی مسائل پر توجہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کو یہ موقع ہی نہیں دیا گیا کہ وہ اپنا ایجنڈا سیٹ کریں۔ یہ موقع ہی نہیں دیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو بلا کر بتائیں کہ یہ پیرا پلان ہے کہ میں پاکستانی عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور غربت سے بچا سکوں۔
