بنوں میں پولیس نے کنگر پل چوکی پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا کر 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے رات کے وقت چوکی پر حملہ کیا، پولیس نے بروقت اور موثر جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کرکے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 4 کلاشنکوفیں، دستی بم اور بھاری گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملے کی اطلاع ملتے ہی بنوں پولیس لائنز سے کوئیک رسپانس فورس، ریپڈ رسپانس فورس اور اضافی پولیس نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی ) پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے حملہ ناکام بنانے پر بنوں پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کیلیے خیبرپختونخوا کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں، عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ عوام اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
دریں اثناء وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس چوکی پر خوارج کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوانوں نے جرات کے ساتھ خوارجیوں کا حملہ ناکام بنایا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔ خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے پولیس اور سی ٹی ڈی کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔



