دنیا بھر کے بااثر مسلمانوں کی سالانہ فہرست ’دی مسلم 500‘ کا 2027 کا ایڈیشن جاری کردیا گیا جس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت متعدد پاکستانی شخصیات بھی شامل ہیں۔
اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کی جانب سے شائع کی جانے والی رپورٹ میں دنیا بھر سے 500 بااثر مسلم شخصیات کا انتخاب کیا گیا ہے جس کا مقصد ان افراد کے اثرورسوخ کا جائزہ لینا ہے جو مذہبی، سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں مسلم دنیا پر نمایاں اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 21 کروڑ 26 لاکھ ہےجو عالمی آبادی کا 26.66 فیصد بنتی ہے۔
دی مسلم 500 کے 2027 ایڈیشن کی نمایاں بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ مشترکہ طور پر 5 شخصیات کو نمبر ون قرار دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھنے کی بنیادی وجہ 7 اگست 2026 کو طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی شکل دی گئی تھی۔
مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنے والی شخصیات میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان رہنماؤں کو مسلم ممالک کے درمیان اجتماعی دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے ان کے کردار پر سرفہرست رکھا گیا ہے۔
پاکستان کی نمایاں شخصیات کون کون ہیں؟
رپورٹ کے ٹاپ 50 میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے علاوہ معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل بھی شامل ہیں، جنہیں 18ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔پاکستانی نژاد معروف دانشور پروفیسر اکبر احمد کو بھی ٹاپ 50 میں 29ویں پوزیشن دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں سابق وزیراعظم عمران خان، صحافی حامد میر، سائنس دان ڈاکٹر عطا الرحمٰن، گلوکارہ عابدہ پروین، سماجی کارکن منیبہ مزاری، فلم ساز شرمین عبید چنائے، ڈاکٹر فرحت ہاشمی، جاوید احمد غامدی، مفتی تقی عثمانی اور دیگر نام بھی رپورٹ کی مختلف فہرستوں میں شامل ہیں۔
ڈاکٹر حسام ابو صفیہ اور فاطمہ زہرا سال کی نمایاں شخصیات
رپورٹ میں فلسطین کے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو 2027 کا ’مین آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔
شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو اپنے مریضوں کو نہ چھوڑنے اور جنگ کے دوران طبی خدمات جاری رکھنے پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں 27 دسمبر 2024 کو اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا تھا اور وہ طویل عرصے سے اسرائیلی حراست میں ہیں۔
ایران کی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو ’وومن آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔ وہ 28 فروری 2026 کو ایران کے شہر میناب میں شجرہ طیبہ اسکول پر میزائل حملے میں زندہ بچ گئی تھیں۔
رپورٹ میں یہ اعزاز ان کے ساتھ ان کی جاں بحق ہونے والی ہم جماعت طالبات، اساتذہ اور دیگر متاثرین کے نام بھی منسوب کیا گیا ہے۔ فاطمہ زہرا نے بعد ازاں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسکول پر حملے سے متعلق اپنا بیان بھی دیا۔
دی مسلم 500 میں ٹاپ 50 شخصیات کے علاوہ مزید 450 افراد کو مختلف شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے، تاہم ان کی درجہ بندی نہیں کی گئی۔
ان شعبوں میں مذہبی اسکالرز، سیاست دان، مذہبی امور کے منتظمین، مبلغین، فلاحی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے وابستہ افراد، سماجی کارکن، کاروباری شخصیات، سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین، فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد، قرآنی قاری، میڈیا، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور کھلاڑی شامل ہیں۔
رپورٹ میں انتہا پسند شخصیات کا الگ حصہ بھی رکھا گیا ہے، جب کہ نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو اعزازی تذکروں میں جگہ دی گئی ہے۔
غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال بھی رپورٹ کا حصہ
رپورٹ کے خصوصی حصے میں غزہ کی تباہی اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد، آبادکاروں کے حملوں، جبری بے دخلی اور اسرائیلی آبادکاری کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ مسلم دنیا میں گزشتہ ایک سال کے اہم سیاسی، معاشی اور سماجی واقعات کا جائزہ، اسلام کے مختلف مکاتب فکر کا تعارف، نمایاں شخصیات کے تعزیتی خاکے، مہمان مصنفین کے مضامین اور دنیا بھر میں مسلمانوں کی آبادی کے اعدادوشمار بھی شامل کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے آخری حصوں میں کتابوں کے تعارف، اہم عالمی واقعات کی ٹائم لائن اور فیس بک، ایکس، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب سے متعلق سوشل میڈیا اعدادوشمار بھی پیش کیے گئے ہیں۔
