برازیل کو 2002 میں عالمی چیمپیئن بنوانے والے سابق اسٹار فٹبالر رونالڈینو نے 11 سال بعد فٹ بال میچ کھیل کر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا۔
رونالڈینو نے آخری مرتبہ ستمبر 2015 میں برازیل کے کلب ’فلومینینسی‘ کی جانب سے پیشہ ورانہ فٹبال کھیلی تھی اور 2018 میں باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ رواں برس جون میں ریوینا نے ان کی شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ کلب کے صدر اگنازیو چیپرانی ان کے دیرینہ دوست ہیں جبکہ رونالڈینو نے کلب میں حصص بھی حاصل کیے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 46 سالہ رونالڈینو نے اتوار کو اٹلی کی تیسری ڈویژن لیگ میں ریوینا کی جانب سے مقامی حریف فورلی کے خلاف میچ کھیلا۔

10 نمبر کی جرسی پہن کر میدان میں اترنے والے رونالڈینو پہلے ہاف کے پورے 45 منٹ کھیلتے رہے۔ ہاف ٹائم پر میدان سے باہر آتے ہوئے انہوں نے گراؤنڈ کا چکر لگایا اور شائقین کی جانب ہاتھ ہلایا تو تماشائیوں نے کھڑے ہو کر ان کے لیے تالیاں بجائیں۔
ریوینا نے فورلی کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔ رونالڈینو نے میچ کے 36ویں منٹ میں گیلیو ڈوناتی کے پہلے گول میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سیمونے رابی نے 58ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔
کیا رونلڈینو دوبارہ کھیلیں گے؟
میچ کے بعد اسکائی اسپورٹ اٹالیا سے گفتگو کرتے ہوئے رونالڈینو نے کہا کہ میدان میں واپس آنا، کھیلنا اور میچ سے پہلے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارنا ان کے لیے خوشگوار تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا بھی اچھا لگا جو انہیں دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں۔
اپنی واپسی کے تجربے کے بارے میں رونالڈینو نے کہا کہ میچ بہت جلد گزر گیا اور ان کے لیے فٹبال ہمیشہ سے ایسی ہی رہی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دوبارہ بھی ریوینا کی جانب سے کھیلیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ اگر کلب کے صدر نے انہیں فون کیا تو وہ دوبارہ میدان میں اتر آئیں گے۔
رونالڈینو کا فٹبال کیریئر
رونالڈینو کا شمار دنیا کے نامور فٹبالرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2002 میں برازیل کو فٹبال کا عالمی چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہیں 2005 میں دنیا کے بہترین فٹبالر کا ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ دیا گیا جبکہ 2006 میں بارسلونا کی جانب سے چیمپیئنز لیگ بھی جیتی۔
وہ اپنے فٹبال کیریئر کے دوران بارسلونا اور اے سی میلان جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ گیند پر غیر معمولی کنٹرول، تیز رفتار ڈربلنگ اور منفرد کھیل کے انداز نے انہیں دنیا بھر میں شہرت دلائی۔
