وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اگر صوبے بن جاتے ہیں تو ملک کا سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو گا۔
اتوار کو نجی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ ایک ایسا ایشو ہے جس کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کیا جا رہا ہے اور کچھ ہفتوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ اتفاقِ رائے پیدا ہو جاتا ہے اور صوبے بن جاتے ہیں تو ملک کا سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہوگا۔
وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ اگر نیا انتظامیہ ڈھانچہ بنتا ہے تو کسی کو سیاسی طور پر خوف کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
اپنی گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں نے ایسی صورتِ حال خود پیدا کی ہے۔ اگر 18 ویں ترمیم پر منِ و عن عمل درآمد ہوتا تو ابھی تک بلدیاتی حکومتی یا انتظامی یونٹس کی صورت میں نظر آتی اور لوگوں کو کچھ ڈلیور ہوتا نظر آتا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اتفاقِ رائے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی اور یہ معاملہ اپنے انجام کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری سے محسن نقوی کی ملاقات ہوئی ہے اور اس کے بعد صدر کی وزیرِ اعظم سے ملاقات ہوئی ہے اور میرا اندازہ ہے کہ سندھ میں جو بھی سیاسی آوازیں آ رہی ہیں وہ ان کے خیال میں اس معاملے پر زیادہ وضاحت چاہتے ہیں۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
