سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا فیصلہ کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں کر سکتی، بڑے فیصلے صرف قومی حکومت ہی کر سکتی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں بنانے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کریں گے، اس عمل کی سربراہی غیر جانبدار شخصیت کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر فیصلوں کے لیے آئینی طریقہ کار موجود ہے، سیاسی نظام کی نئی ترتیب کیلئے قومی حکومت کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اچکزئی صاحب صدارتی نظام کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ صدارتی نظام سے متعلق اچکزئی کی بات میں بھی وزن ہے، سوال یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں نئے صوبوں اور صدارتی نظام پر کیا مؤقف رکھتی ہیں، نئے صوبوں کے قیام پر تمام جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور پرویز رشید نے نئے صوبوں کے قیام کی کھل کر مخالفت کی، وزیراعظم ، نواز شریف اور مریم نواز بھی نئے صوبوں کے معاملے پر خاموش ہیں، ن لیگ کے رویے سے نہیں لگتا کہ وہ نئے صوبوں کے منصوبے کی حمایت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے ساتھ صدارتی نظام کی بھی حامی ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت نئے صوبوں کے حامی ہیں، باقی 2 بڑی جماعتیں نئے صوبوں کی حمایت نہیں کرتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف بہتر سیاست کرے تو اسے فائدہ ہو سکتا ہے، پی ٹی آئی میں مذاکرات سے سیاسی جگہ بنانے والے لوگ نہیں، اس وقت تحریک انصاف کے پاس سیاسی موقع موجود ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کئی باتیں سامنے آئی ہیں، جو لوگ خود بانی پی ٹی آئی سے نہیں مل سکتے، وہ دوسروں کو بھی ملنے نہیں دیتے، اس رویے سے پارٹی منظم نہیں ہو رہی، پارٹی کے بعض لوگ نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں، تحریک انصاف کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار موجودہ قیادت ہے، چھوٹے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھانے سے وہ بڑے نہیں ہو جاتے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما سلمیٰ بٹ نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کی ملاقاتیں سیاسی امور پر معمول کے مطابق ہوتی رہتی ہیں، وزیراعظم آفس صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتا ہے۔
سلمیٰ بٹ نے کہا کہ ریفرنڈم سے متعلق بات چیت کیلیے پارلیمنٹ کا فورم موجود ہے، ریفرنڈم سے متعلق پارلیمنٹ میں تجاویز بھی پیش کی جائیں گی، عوامی مفاد کے معاملات پر مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ریاست کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔



