امریکی فوج نے خلیج عمان میں ایک تجارتی بحری جہاز کو کارروائی کرتے ہوئے نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا۔
امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ جہاز کے عملے نے متعدد بار دی جانے والی وارننگز نظر انداز کیں اور ایران پرعائد امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی فوج نے خلیج عمان میں کارروائی کرتے ہوئے سینٹ کٹس کے پرچم بردار کارگو جہاز ایم وی ہدیٰ کو نشانہ بنایا۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے سویلین عملے کو متعدد مرتبہ خبردارکیا گیا اور سمندری حدود سے نکلنے کی ہدایت کی گئی تاہم عملے نے امریکی فورسز کے احکامات پرعمل نہیں کیا۔
CENTCOM forces disabled a commercial vessel in the Gulf of Oman, Nov. 7, after the ship’s civilian crew ignored repeated warnings and attempted to violate the naval blockade against Iran multiple times. A U.S. military aircraft fired precision munitions at the stern of St. Kitts-flagged M/V Huda, disabling the ship after CENTCOM forces directed the crew to abandon targeted spaces. The cargo vessel tried to depart regional waters after visiting an Iranian port.
Read the full release online: https://t.co/5wW1LqN1oW
— U.S. Central Command (@CENTCOM) November 7, 2026
بیان کے مطابق امریکی فوجی طیارے نے کارگو جہاز کے پچھلے حصے پر گائیڈڈ گولہ بارود فائر کیا، جس کا مقصد جہاز کو ناکارہ بنانا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب جہاز کے عملے نے بار بار دی جانے والی وارننگز کے باوجود امریکی ہدایات کو نظر انداز کیا۔
کارگو جہاز ایک ایرانی بندرگاہ کا دورہ کرنے کے بعد علاقائی پانیوں سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا، امریکی فوج نے اسے روکنے کے لئے کارروائی کی۔
واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے جولائی سے آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں پر سخت بحری ناکہ بندی نافذ کر رکھی ہے، جس کے تحت ایران آنے اور جانے والے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سینٹکام کے مطابق اس فوجی مہم کے دوران امریکی فورسز اب تک 147 تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کروا چکی ہیں جبکہ امریکی احکامات اور وارننگز ماننے سے انکار کرنے والے 5 تجارتی جہازوں کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنایا جا چکا ہے۔



