پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مساجد میں قائم خوارجی دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے کلیئر کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی حصے میں واقع موزک گاؤں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد وفاقی حکومت مختلف اوقات پر دہشت گردی کا ‘سر کچلنے‘ کے عزم کا اظہار کر چکی ہے۔ وزیر اعظم اور حکومتی رہنماؤں کے مطابق صوبے میں اس ’آئینی اقدام‘ کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کیونکہ ان کے بقول پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے خلاف تھی۔
گزشتہ روز ہی میڈیا کو دی گئی بریفنگ میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہتھیار اٹھانے والوں کیساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہونگے بلکہ ان کو ’انہی کی زبان میں‘ جواب دیا جائے گا۔ ان کا ماننا تھا کہ امن و امان اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ناگزیر ہیں۔
شمالی وزیرستان میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے بارے میں آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردوں نے مساجد کو دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کیا، جو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے کھلا انحراف ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم خوارجی دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور مذہب کی من پسند تشریح اور اسے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ 24 ستمبر کو بھی سکیورٹی فورسز نے مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی کوشش کرنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کیے تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام دہشت گردوں کی اسلام مخالف سوچ کو مسترد کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں قائم دیگر دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے علاقے مستونگ میں 27 دہشتگرد ہلاک کیے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کڑم ویلی میں دو مراحل میں آپریشن مکمل کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 15 جبکہ دوسرے مرحلے میں 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
