وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان جاتی امرا میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، معیشت، حکومتی اصلاحات اور ملک کو درپیش مختلف چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حکومت کو ایک طرف معاشی استحکام، مہنگائی اور اصلاحاتی اقدامات جیسے چیلنجز درپیش ہیں، تو دوسری جانب خیبر پختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بھی توجہ طلب ہے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور حکومت کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے نواز شریف کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا اور صوبے میں سکیورٹی سے متعلق درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقی و خوشحالی کیلیے وفاقی حکومت کے اقدامات سے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں حکومتی اصلاحات، معاشی استحکام، ملکی معیشت کو درپیش مسائل اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے حکومتی اصلاحات، معاشی صورتحال اور ملکی چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔



