احد چیمہ کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم


لاہور: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے احد چیمہ کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

نیب  لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی قسم کے دباؤ اور سفارش کو بالائے طاق رکھ  کر تمام مقدمات کی قانون کے مطابق تحقیقات جاری رہیں گی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی گروہ، پارٹی  یا سیاستدان سے کوئی تعلق نہیں، نیب کا کام کرپشن کا خاتمہ ہے اور کچھ  نہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو بریفنگ دی۔

ترجمان نیب کے مطابق فواد حسن فواد، پیرا گون سٹی، احد چیمہ، آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم سمیت اہم کیسز پر غور کیا گیا جبکہ عبدالعلیم خان اور مونس الٰہی کی آف شور کمپنیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آشیانہ اسکینڈل کیس:

نیب نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق چئیرمین احد چیمہ کو مالی بدعنوانی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کے الزامات میں گرفتار کیا تھا جبکہ ان پر اپنے علاوہ کروڑوں روپے کی اراضی اپنے بھائی، بہن اور کزن کے نام غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے بھی الزامات ہیں۔

بنیادی طور پرآشیانہ ہاؤسنگ اسکیم، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا منصوبہ ہے جس کے تحت عوام کو سستے مکان مہیا کیے جانے تھے لیکن ابھی تک ایک مکان بھی تعمیر نہیں ہو سکا جبکہ منصوبے کی مد میں عوام سے کروڑوں روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں