گوجرانوالہ اور ساہیوال میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے انتخابی دنگل سج گیا، دونوں حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں مجموعی طور پر 18 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔
ہم نیوزکے مطابق گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 میں 11 امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راشد بشیر ورک اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم گجر کے درمیان متوقع ہے۔
حلقے میں مجموعی طور پر5 لاکھ 18 ہزار 620 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 2 لاکھ 77 ہزار 480 مرد اور 2 لاکھ 41 ہزار 149 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
این اے 77 میں ووٹنگ کے لیے 333 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں مردوں کے 142، خواتین کے 137 اور مشترکہ 54 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ حلقے میں مجموعی طور پر 963 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 537 مردوں اور 427 خواتین کے لیے مختص ہیں۔
12 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 34 کو حساس قرار دیا گیا ہے، انتخابات کے دوران گوجرانوالہ پولیس کے 2 ہزار 100 سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، مسلم لیگ (ن) نے این اے 77 سے مرحوم محمود بشیر ورک کے صاحبزادے راشد بشیر ورک کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
دوسری جانب ساہیوال کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 میں بھی ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ جاری ہے، جہاں 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
حلقے میں 2 لاکھ 58 ہزار 122 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ ووٹنگ کے لیے 185 پولنگ اسٹیشنز اور 560 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
پی پی 203 میں مسلم لیگ (ن) کے اسد حنیف جٹ اور تحریک احساس پاکستان کے اویس محمود گجر کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے، حلقے میں حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور اضافی سکیورٹی نفری تعینات کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دونوں حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی، پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون کے ذریعے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ساہیوال کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 کی نشست چوہدری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔



