مسلم لیگ(ن)کے چیچہ وطنی سے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری محمد حنیف جٹ کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
چوہدری محمد حنیف جٹ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 سے مسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔
مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد از نماز عصر آزادی چوک اسٹیڈیم چیچہ وطنی میں ادا کی جائے گی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
خیال رہے کہ چوہدری محمد حنیف جٹ نے چیچہ وطنی کی سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور حلقے کی نمائندگی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو پنجاب اسمبلی میں اجاگر کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنماء ایم پی اے حنیف جٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم کے بلندیء درجات کیلئے دعاء کی ،انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعاء کی ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کے لئے مرحوم حنیف جٹ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی رکن صوبائی اسمبلی حنیف جٹ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ، اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا۔


