سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار 600 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دو روز میں فی تولہ سونا 23 ہزار 500 روپے مہنگا ہو گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت اضافے کے بعد 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے پر آ گئی۔
10 گرام سونے کی قیمت میں 8 ہزار 230 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 487 روپے ہو گئی۔
22 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کی قیمت میں 7 ہزار 544 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 22 قیراط کا حامل 10 گرام سونا 3 لاکھ 42 ہزار 375 روپے کا ہو گیا۔
مقامی مارکیٹس میں چاندی کی فی تولہ قیمت 100 روپے اضافے سے 5 ہزار 763 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 85 روپے بڑھ کر 4 ہزار 940 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 96 ڈالر اضافے سے 4 ہزار 131 ڈالر ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت ایک ڈالر اضافے سے 52 ڈالر 85 سینٹ فی اونس کی سطح پر آگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 24 قیراط کا حامل فی تولہ سونا 13 ہزار 900 روپے اضافے سے 4 لاکھ 26 ہزار 36 روپے کی سطح پر آگیا تھا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کی وجوہات میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی، امریکی بانڈز کے منافع میں کمی اور تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے باعث مہنگائی کے خدشات میں کمی شامل ہیں۔ ان عوامل نے سرمایہ کاروں کی سونے میں دلچسپی بڑھا دی ہے۔



