پاکستان میں ماہ اکتوبر میں 5 ہزار 3 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 794 ہو گئی ہے۔
ستمبر 2026 میں پاکستان میں 5 ہزار 241 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئی تھیں جس کے کے بعد کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی۔
سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جاری بیان کے مطابق اکتوبر میں رجسٹر ہونےوالی کمپنیوں میں 173 غیر ملکی سرمایہ کار ڈائریکٹر بنے جبکہ کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز اور ڈائریکٹرز میں خواتین کی شراکت 13 فیصد رہی۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ شدہ کمپنیوں میں سے 99.9 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن ہوئی، نئی کمپنیوں میں 55.4 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ اور 41.6 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں 2 ہزار663، اسلام آباد میں 934 اور سندھ میں 751 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں 382، گلگت بلتستان میں 162 اور بلوچستان میں 111 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اکتوبر میں سب سے زیادہ کمپنیاں آئی ٹی سیکٹر میں رجسٹر ہوئیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 991، ٹریڈنگ میں 767، سروسز کے شعبہ میں 594، کنسٹرکشن کے شعبہ میں 295، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 219، سیاحت کے شعبہ میں 213 اور رئیل اسٹیٹ میں 170 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے اس بارے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ملک میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے لیے کارپوریٹ کمپلائنس کو ڈیجیٹل کر رہے ہیں۔



