پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بین الاقوامی فٹ بال سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 41 سالہ اسٹار فٹ بالر نے سوشل میڈیا پر اپنے جذ باتی پیغام میں کہا کہ ”اب وقت آگیا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری نئی نسل کو سونپ دیں۔“
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے مطابق رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا تاہم اب وقت آگیا ہے کہ مستقبل کی نسل آگے آئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نومبر کے بین الاقوامی وقفے کے بعد وہ پرتگال کی قومی ٹیم کی نمبر 7 شرٹ واپس کر دیں گے۔
Portugal estará sempre em mim https://t.co/dnFj51rxmh
— Cristiano Ronaldo (@Cristiano) November 5, 2026
کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 234 بین الاقوامی میچز کھیلے اور 146 گول اسکور کیے۔ وہ مردوں کے بین الاقوامی فٹ بال میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔
پرتگال کے لیے شاندار کیریئر
رونالڈو نے 2003 میں پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک قومی ٹیم کا اہم حصہ رہے اور 2016 میں پرتگال کو پہلی مرتبہ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی قیادت میں پرتگال نے 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ کے ٹائٹل بھی جیتے۔
رونالڈو نے 2006 سے 2026 تک 6 فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کی۔ وہ 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے پہلے مرد فٹ بالر ہیں۔ انہوں نے عالمی کپ کے 27 میچز میں 11 گول اسکور کیے۔
پرتگال کی قومی ٹیم سے رخصتی کے ساتھ ہی بین الاقوامی فٹ بال کے ایک طویل اور یادگار دور کا اختتام ہو رہا ہے۔ تاہم ان کی جانب سے اس اعلان کا مطلب کلب فٹ بال سے ریٹائرمنٹ نہیں ہے۔



