وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی آئینی حیثیت اور مالیاتی خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، ریاست کی حیثیت تبدیل کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان برپا کیا جا رہا ہے۔
مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، جو لوگ سٹیٹس کو کی بنیاد پر واویلا کر رہے ہیں، ان کے پاس کوئی معلومات یا شواہد ہیں تو حکومت کے سامنے لائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں جن سے ریاست میں انتشار کو ہوا ملے، حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے گی اور تمام معاملات میں مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے آٹے پر سبسڈی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈائزڈ آٹے کی کوالٹی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ آٹے پر تقریباً اتنی سبسڈی دی جاتی ہے جتنا آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو فراہم کیے جانے والے سبسڈائزڈ آٹے کے معیار کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مسئلے کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
میرپور تعلیمی بورڈ سے متعلق اہم اعلان
وزیراعظم افتخار گیلانی نے میرپور تعلیمی بورڈ کی بہتری سے متعلق بھی اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کیمبرج یونیورسٹی بورڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ میرپور بورڈ پاکستان کا بہترین تعلیمی بورڈ بنے گا، یہ پورے آزاد کشمیر کا ادارہ ہے، اس لیے اسے ڈویژنل یا ضلعی تفریق سے بالاتر ہو کر ریاستی سطح پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔
افتخار گیلانی نے رٹھوعہ ہریام پل کے منصوبے سے متعلق بتایا کہ اس کا 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد وزیراعظم پاکستان اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور اداروں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا تاکہ ریاست کے اہم معاملات پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ریاست کی حیثیت اور مالیاتی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور عوام کو گمراہ کرنے والی افواہوں سے گریز کرنا چاہیے۔



