معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر، اداکار اور مصنف دیپک پروانی نے لاہور کی خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کراچی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی دلچسپ ردعمل دیا ہے۔
دیپک پروانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے پیغام میں لاہورمنتقل ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے شہرکے خوبصورت انفرا اسٹرکچر، سرسبز ماحول اورترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ لاہورمنتقل ہونے کا وقت آگیا ہے، یہاں کا خوبصورت سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی)، ایم ایم عالم روڈ، مین بلیوارڈ اورایئرپورٹ کا داخلی راستہ ایک الگ ہی معیار کا ہے۔
دیپک پروانی نے لاہور کے انڈر پاسزاورسرسبز ماحول کو بھی خوبصورت قرار دیا اورکہا کہ شہرکی خوبصورتی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
Time to move to #lahore just beautiful #cbd #mmalam #mainboulevard and the entrance to the airport just a different level . Beautiful underpasses greenery . While #karachi is dark depressing potholed and ugly ! Definitely left behind .
— Deepak perwani (@DPerwani) November 3, 2026
اس کے برعکس انہوں نے کراچی کی صورتحال پرتنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کراچی تاریک، افسردہ کن، جگہ جگہ گڑھوں اور بدصورتی کا شکار ہے، شہر یقینی طورپرترقی کے معاملے میں پیچھے رہ گیا ہے۔
مریم نواز کا دلچسپ ردعمل
دیپک پروانی کی اس ٹویٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ردعمل دیا اور ان کا پیغام ری ٹویٹ کرتے ہوئے مختصر جواب میں لکھا ”موسٹ ویلکم برادر“۔
Most welcome bro 🙏🏼
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 3, 2026
مریم نواز شریف کے اس جواب کوسوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل ہو رہی ہے جبکہ دیپک پروانی کی جانب سے لاہور کی تعریف اور کراچی پر تنقید کے باعث دونوں شہروں کے ترقیاتی معیار اور خوبصورتی سے متعلق بحث بھی شروع ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ دیپک پروانی پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنرز میں شمار ہوتے ہیں، وہ اداکاری اور تحریر کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں، ان کی شناخت فیشن انڈسٹری میں نمایاں ہے اور وہ سوشل میڈیا پر بھی مختلف موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔



