ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون میں فاطمہ اصغر قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزمان افشاں اور قاری علی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
فاطمہ اصغر 14 نومبر کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 11 میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کے قریب واقع ایک سرکاری رہائشگاہ میں مبینہ تشدد کے بعد جاں بحق ہو گئی تھی۔ مذکورہ رہائش گاہ ایف آئی اے افسر محمد بن اشرف کی تھی، جو مقدمے میں نامزد ملزمہ افشاں علی کے شوہر ہیں۔
پوسٹمارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں فاطمہ کے جسم پر کم از کم 20 تازہ اور پرانے زخموں کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد پولیس نے مبینہ تشدد، کم عمری میں گھریلو ملازمت اور بچوں کے استحصال سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔
پولیس نے ملزمان افشاں علی اور قاری علی رضا کے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کر دی۔
دوران سماعت پولیس نے عدالت کو بتایا کہ گھر سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں ملزمان کو بچی پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تفتیش کاروں نے گھر میں نصب ریکارڈر سے ایک ہزار 590 ویڈیوز بھی حاصل کر لی ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کی عدالت میں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ فوٹیج میں ملزمہ افشاں علی کو فاطمہ کو مارتے اور اس کا مذاق اڑاتے دیکھا گیا ہے۔ ایک موقع پر بچی چلنے پھرنے کے قابل نہیں تھی، اس کے باوجود اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ دوسرے ملزم علی رضا کو بھی بچی پر تشدد کرتے دیکھا گیا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں فاطمہ کے جسم پر کم از کم 20 تازہ اور پرانے زخموں کے نشانات پائے گئے تھے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 328 اور 328 اے، اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2022 کی دفعہ 3 ، بچوں سے مشقت لینے اور کم عمر بچوں کے استحصال سے متعلق دیگر قابل اطلاق دفعات بھی شامل کی جائیں۔
واضح رہے ابتدا میں مقدمہ صرف قتل کی دفعہ 302 اور مشترکہ نیت سے متعلق دفعہ 34 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی تصدیق کی ہے ، تفتیشی افسر کے مطابق ویڈیوز میں ردوبدل کے شواہد نہیں ملے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق فاطمہ کی عمر 11 سال اور 11 ماہ تھی، جبکہ اس سے قبل اس کی عمر 13 سال بتائی جا رہی تھی۔ عدالت کے 20 نومبر کے حکم نامے میں بھی بچی کی عمر 13 سال درج تھی۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ القاسم مدرسے (الہدیٰ مدرسہ) سے واٹس ایپ کے ذریعے حاصل کردہ ریکارڈ کے مطابق فاطمہ 26 اکتوبر تک وہاں زیرِ تعلیم رہی۔ اگلے روز اس کی غیر حاضری اور گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے کی وجہ سے مدرسے نے اس کا نام خارج کرنے کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ تفتیش میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے، تاہم کئی اہم پہلوؤں کی تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئیں۔ ان میں فاطمہ اور ملزمہ افشاں علی کے درمیان تعلق، بچی کے والد اور ملزم خاندان کے روابط اور وہ حالات شامل ہیں جن میں فاطمہ کو اس خاندان کے حوالے کیا گیا تھا۔ پولیس کو یہ بھی معلوم کرنا ہے کہ بچی کو خاندان کے حوالے کرنے کے عوض کسی قسم کی رقم کا لین دین ہوا تھا یا نہیں۔
عدالت نے مدرسے کے ریکارڈ کی اصل داخلہ رجسٹر اور حاضری کے اندراجات سے تصدیق نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو گھر کے ملازمین، سرکاری رہائش گاہ کے عملے، پڑوسیوں اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کے تحت قلمبند کرنے کی ہدایت کی۔
حکم نامے کے مطابق پولیس کو یہ بھی معلوم کرنا ہو گا کہ ایف آئی اے افسر محمد بن اشرف کو اپنی سرکاری رہائش گاہ پر تقریباً تین سال سے فاطمہ کی موجودگی، اس کے ساتھ ہونے والے سلوک اور موت کے حالات کا کس حد تک علم تھا۔ محمد بن اشرف کو تاحال اس مقدمے میں ملزم نامزد نہیں کیا گیا۔
پراسیکیوٹر عبدالصمد عباسی نے عدالت کو بتایا کہ فاطمہ کو مبینہ طور پر تین سال تک تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا، مزید شواہد جمع کرنے کیلیے ملزمان کی تحویل ضروری ہے۔ ملزمہ اپنے آئی فون کا پاس کوڈ فراہم کرنے میں تعاون نہیں کر رہی۔ مذکورہ فون سی سی ٹی وی کیمروں سے منسلک تھا۔
بعد ازاں عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو 26 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔



