پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن میں بہتری اور مسافروں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں قراقرم ایکسپریس کا آپریشن بھی نجی شعبے کے اشتراک سے شروع کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کا نیا آپریشن 30 اکتوبر سے شروع ہو گیا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو اس اقدام کے نتیجے میں بہتر سفری سہولیات، آرام دہ ماحول اور معیاری خدمات فراہم ہونے کی توقع ہے۔
قراقرم ایکسپریس کا مجموعی ریک 20 کوچز پر مشتمل ہوگا، جس میں مسافروں کی مختلف ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اکانومی، اے سی بزنس، اے سی اسٹینڈرڈ اور اے سی سلیپر کلاسز شامل کی گئی ہیں۔
ٹرین میں 10 اکانومی کلاس، 2 اے سی بزنس، 2 اے سی اسٹینڈرڈ، ایک اے سی سلیپر، ایک پاور وین، ایک پریمیم لاؤنج، ایک بریک وین اور 2 لگیج وین شامل ہوں گی۔
قراقرم ایکسپریس کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی تک مین لائن ون (ML-1) کے ذریعے سفر کرے گی۔
ٹرین کن اسٹیشنوں پر رکے گی؟
ٹرین کے اسٹاپس میں کراچی کینٹ، ڈرگ روڈ، لانڈھی، حیدرآباد، نواب شاہ، روہڑی، بہاولپور، خانیوال، ساہیوال، رائیونڈ اور لاہور شامل ہیں۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق نجی شعبے کے اشتراک سے ٹرینوں کے آپریشن میں بہتری، سفری سہولیات کے معیار میں اضافے اور مسافروں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
قراقرم ایکسپریس کے نئے انتظامات کو بھی کراچی اور لاہور کے درمیان ریل سفر کو مزید آرام دہ اور بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔


