بلوچستان کے ضلع خاران میں چیک پوسٹ کو ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا کر 5 ڈرونز تباہ کردیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے فتنہ الہندوستان کے حملے کے خلاف کارروائی کے دوران 5 ڈرون مارگرائے، دہشت گردوں نے خاران میں قائم چیک پوسٹ کو ڈرونزسے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پانچوں ڈرون ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیے گئے جس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا،سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت ردعمل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے بڑی کامیابی قراردیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچوں ڈرونز مار گرائے،فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے،بلوچستان میں دہشت گرد عناصر امن و امان خراب کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، دہشت گردی کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،صوبے میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔


