وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی دیکھ کر مخالفین کے اعصاب پر مریم نواز سوار ہیں، طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا معمول کا انتظامی فیصلہ ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پہلے ہی وزیراعظم اور اعلیٰ حکام کے زیر استعمال طیاروں کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔
پنجاب کی ترقی دیکھ کر مخالفین کے اعصاب پر مریم نواز سوار ہیں
طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا ایک معمول کا انتظامی فیصلہ ہے
پاک فضائیہ پہلے ہی وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے زیرِ استعمال طیاروں کی دیکھ بھال کر رہی ہے
پنجاب کی ترقی دیکھ کر مخالفین کے اعصاب پر مریم نواز سوار ہیں
طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا ایک معمول کا انتظامی فیصلہ ہے
پاک فضائیہ پہلے ہی وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے زیرِ استعمال طیاروں کی دیکھ بھال کر رہی ہے
— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) November 15, 2026
عظمیٰ بخاری کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پنجاب کابینہ نے صوبائی حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کے طیارے ’گلف اسٹریم جی-500‘ کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کی منظوری دی ہے۔
پنجاب حکومت کے لگژری طیارے گلف اسٹریم جی-500 کا آپریشنل کنٹرول پاک فضائیہ کے حوالے کرنے کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی اور صحافتی حلقوں میں اس معاملے پر خاص طور پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے لندن کے نجی دورے، طیارے کی قیمت اور اس کے سرکاری استعمال پر دوبارہ بحث شروع ہو گئی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق طیارے کا کنٹرول پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیتوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گلف اسٹریم جی-500 ایک جدید طیارہ ہے، جس کے آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے خصوصی تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ چونکہ پاک فضائیہ کے پاس اس نوعیت کے طیاروں کو چلانے اور ان کی دیکھ بھال کی مطلوبہ تکنیکی صلاحیت اور تجربہ موجود ہے، اس لیے طیارے کی آپریشنل ذمہ داریاں پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق یہ جدید جیٹ طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی سی اے) سے ڈی رجسٹر کیا جا چکا ہے، جبکہ پاک فضائیہ نے اسے اپنا ٹیل نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے۔ پاک فضائیہ کے 3 حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں، جو صوبائی حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر فلائٹ آپریشن انجام دیں گے۔
پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی امور اور مالی ذمہ داریوں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔
خیال رہے ستمبر 2026 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن جانے پر سرکاری طیارے کے استعمال کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔
مریم نواز نے طیارے کے استعمال کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 ارب روپے کے طیارے پر بہت شور مچایا جا رہا ہے۔ یہ ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کے دفتر کا طیارہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ لندن کے اس سفر کے لیے طیارے کے اخراجات، 2 کروڑ 75 لاکھ روپے، انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔
پنجاب حکومت کے گلف اسٹریم G500 طیارے کی خریداری کی خبریں رواں سال سامنے آئی تھیں اور فروری میں میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومتِ پنجاب نے یہ طیارہ تقریباً 10 ارب روپے میں خریدا ہے۔
انگریزی اخبار دی نیوز نے فروری میں رپورٹ کیا تھا کہ یہ طیارہ 7 سال پرانا ہے جو 28 دسمبر 2025 کو لاہور پہنچا تھا اور اس نے 6 فروری 2026 کو لاہور سے ملتان کیلیے پہلی مقامی پرواز کی تھی۔
طیارے کی خریداری سے متعلق پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت ’ایئر پنجاب‘ کیلیے مختلف طیاروں کا بیڑا تیار کر رہی ہے اور یہ جیٹ اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق کچھ طیارے خریدے جائیں گے جبکہ بعض لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے فروری میں ہی گلف اسٹریم طیارے کے آپریشنل اخراجات کیلیے 86 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی تھی، جس میں ایندھن، دیکھ بھال، انشورنس اور امریکا میں پائلٹس و انجینئرز کی لازمی تربیت کے اخراجات شامل تھے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ طیارہ فی گھنٹہ تقریباً 2 ہزار 100 لیٹر ایندھن استعمال کرتا ہے جو اس سے پہلے استعمال ہونے والے ہاکر طیارے کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔


