آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ کی گردن کی انجری سنگین ثابت نہیں ہوئی جس کے بعد دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ہوم ٹیسٹ میچ کے لیے ان کی دستیابی متوقع ہے۔
آسٹریلیا دسمبر میں نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 دسمبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 37 سالہ اسٹیو اسمتھ کو جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن میں ہونے والے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا تھا۔ وہ کئی روز سے گردن میں درد کی شکایت کر رہے تھے۔
اسکینز میں گردن کے جوڑ کی انجری کی تصدیق
اسٹیو اسمتھ کے طبی معائنے اور اسکینز میں گردن کے سروائیکل فیسٹ جوائنٹ (Cervical Facet Joint) میں انجری کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ جوڑ گردن کی حرکت کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں کہا کہ اسٹیو اسمتھ کا علاج اور بحالی کا عمل جاری رہے گا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کی مکمل دستیابی متوقع ہے۔
نیٹ پریکٹس کے باوجود فیصلہ کن ٹیسٹ نہ کھیل سکے
آسٹریلوی ٹیم کے عملے کو امید تھی کہ اسٹیو اسمتھ نیولینڈز میں جنوبی افریقا کے خلاف فیصلہ کن ٹیسٹ کھیل سکیں گے۔ انہوں نے اتوار کو نیٹ پریکٹس میں بیٹنگ بھی کی تھی تاہم طبی جائزے کے بعد انہیں میچ کے لیے مکمل طور پر فٹ قرار نہیں دیا گیا۔
اسٹیو اسمتھ کی جگہ آل راؤنڈر کیمرون گرین نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ان کے معمول کے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی۔
تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کی پہلی اننگز میں 329 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے دوسرے دن کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنا لیے تھے۔


