سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 27-2026 میں سید امجد علی شاہ صدر منتخب ہوگئے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے حریف سردار امان اللہ خان کو شکست دے دی۔
سید امجد علی شاہ کا تعلق عاصمہ جہانگیر گروپ کے انڈیپنڈنٹ گروپ سے ہے، جبکہ سردار امان اللہ، خان حامد خان کی قیادت میں پروفیشنل گروپ کے امیدوار تھے۔
لاہور سے موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق سید امجد علی شاہ نے 644 ووٹ حاصل کیے، جبکہ سردار امان اللہ خان 400 ووٹ لے سکے۔
ملک بھر میں 13 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ ہوئی، جس میں 4 ہزار 600 سے زائد وکلا ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔ انتخابات میں صدر، سیکرٹری، صوبائی نائب صدور اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔
وزیراعظم کی مبارکباد
انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد دیتے ہوئے گروپ کی قیادت بالخصوص احسن بھون اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی وکلا کے حکومتی پالیسیوں اور آئینی و قانونی اصلاحات پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت قانون کی حکمرانی اور انصاف کے فروغ کے لیے حکومت اور قانونی برادری کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائے گی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی انڈیپنڈنٹ گروپ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ گروپ کی مسلسل انتخابی کامیابیاں احسن بھون کی قیادت پر وکلا کے اعتماد کا اظہار ہیں۔ ان کے مطابق گروپ نے وکلا کی فلاح و بہبود اور بار کے وقار کو ترجیح دی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے مرحومہ عاصمہ جہانگیر کی اصولوں کے لیے جدوجہد اور قانون کی حکمرانی کے لیے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انتخابات سے قبل پروفیشنل گروپ نے سید امجد علی شاہ کی اہلیت کو چیلنج کرتے ہوئے ان پر جعلی ڈگری جمع کرانے کا الزام عائد کیا تھا۔ تاہم انتخابی کمیٹی نے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی تھی۔


