پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
دفعہ 144 کے تحت آؤٹ ڈور ڈرونز کے استعمال پر مزید 30 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ اندرونی تقریبات میں محدود پیمانے پر ڈرون استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرونز کے استعمال پر پابندی میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے 29 ستمبرکو سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھرمیں کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کی تھی، اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ پابندی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت نافذ کی گئی ہے جس کا مقصد امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اورعوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس پابندی کا اطلاق آئندہ 30 روز تک جاری رہے گا تاہم شادی ہالز، مارکیز اور دیگر بند مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
بہ تسلیمات نظامتِ اعلیٰ تعلقاتِ عامہ پنجاب، لاہور
توصیف صبیح گوندل، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، محکمہ داخلہ پنجاب
ہینڈ آؤٹپنجاب بھر میں دفعہ 144 کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر 30 روز کیلئے پابندی عائد
ہالز اور مارکیز میں تقریبات کی کوریج کیلئے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت؛ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنیٰ قرار
محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈرون کے محفوظ استعمال کیلئے ضلعی سطح پر ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘‘ تشکیل دے دی؛ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کیلئے کمیٹی کی تحریری اجازت سے ڈرون استعمال کیا جاسکے گا
حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پابندی عائد کی؛ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت، نوٹیفکیشن جاریلاہور 28 اکتوبر 2026:
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت 30 روز کیلئے پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے آؤٹ ڈور استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کیلئے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہو گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈرون کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلعی سطح پر ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘‘ تشکیل دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کیلئے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت متعلقہ ضلعی سیف ڈرون یوزیج کمیٹی دے گی۔ کمیٹی کی تحریری اجازت کے ساتھ ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔#PunjabHomeDepartment #ForYou #Section144 #DroneBan #DroneSafety #SafeDroneUsage #GovernmentOfPunjab
— Home Department Punjab (@homedptpunjab) October 28, 2026
حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اندرونی تقریبات میں ڈرونز کے استعمال کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ذمہ داری متعلقہ تقریب کے منتظمین پرعائد ہوگی، منتظمین کواس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ ڈرون کے استعمال سے شرکا، عملے یا دیگرافراد کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی سے انٹیلیجنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مستثنیٰ قراردیا گیا ہے۔
متعلقہ ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ڈرون استعمال کر سکیں گے تاہم دیگر افراد اور اداروں کو مقررہ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈرونز کے محفوظ استعمال کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
ان کمیٹیوں سے تحریری اجازت حاصل کرنے کے بعد ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا اس طریقہ کار کا مقصد ڈرونز کے استعمال کو ضابطے میں لانا اور سکیورٹی خدشات کو کم کرنا ہے۔
حکومت پنجاب نے صوبے بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو جاری احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ حکام کو پابندی پر عمل درآمد کی نگرانی اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اورشہریوں کی جان و مال اوراملاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ڈرونز کے استعمال سے متعلق پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



