انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ سلو اوور ریٹ پر انگلینڈ پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔
آئی سی سی نے حارث رؤف کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا۔
واقعہ اتوار کو پاکستان کی اننگز کے 46 ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب حارث رؤف نے وائیڈ کی اپیل کی اور انگلش آل راؤنڈر ول جیکس سے بحث شروع کر دی۔ اس دوران انہوں نے اپنا بیٹ اٹھایا اور امپائر شرف الدولہ کی تنبیہ کے باوجود بحث جاری رکھی، آئی سی سی نے حارث رؤف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔
One of Pakistan’s most in-form players has been sanctioned by the ICC following an incident in the ODI against England on Sunday.
https://t.co/cDkxt1aoxV
— ICC (@ICC) October 28, 2026
آئی سی سی کے مطابق حارث رؤف پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ یہ 24 ماہ کے دوران ان کی تیسری خلاف ورزی تھی، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
حارث رؤف نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے سہ ملکی سیریز کے میچ میں پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی ٹیم کو مقررہ وقت میں تین اوورز کم کرنے پر جرمانہ کیا ، انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ 31 اکتوبر کو سری لنکا سے ہو گا۔



