لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے استعفے میں حالیہ سرجری کے بعد صحت سے متعلق خدشات، عدلیہ پر ایگزیکٹو کا بڑھتا کنٹرول اور اپنے ضمیر کی آواز سمیت ذاتی وجوہات بیان کیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے نام اپنے استعفے میں جسٹس کیانی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”عدالتی خدمات کے یہ سال میری زندگی کے بامعنی اور مطمئن ترین ادوار میں شمار ہوتے ہیں۔ اپنے دورِ ملازمت میں، میں نے مختلف نوعیت کے 23 ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے اور ہمیشہ آئین کی بالادستی برقرار رکھنے، بنیادی حقوق کے تحفظ اور بلاخوف و رعایت انصاف کی فراہمی کی کوشش کی۔“
جسٹس کیانی نے 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان تبدیلیوں نے ہائیکورٹس کی آزادی اور ادارہ جاتی خودمختاری کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا کہ ”میں نے عدالتی اداروں پر ایگزیکٹو کا بڑھتا ہوا کنٹرول دیکھا ہے، جو ججوں کی تقرری اور تبادلوں تک پھیل چکا ہے۔ میرے جائزے کے مطابق اس مداخلت نے عدلیہ کی آزادی اور عدالتی عمل کی منصفانہ حیثیت پر عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔“
جسٹس محسن اختر کیانی لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر فرائض انجام دے رہے تھے، نئے ججز روسٹر میں ان کا تبادلہ راولپنڈی بینچ میں کیا گیا تھا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے 2032 میں ریٹائر ہونا تھا، وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینیارٹی لسٹ میں دوسرے نمبر اور لاہور ہائیکورٹ میں دسویں نمبر پر تھے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے استعفے میں مزید کہا کہ عدالتی آزادی اور انصاف کے عمل پر عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے، عام سائلین کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ انصاف کے متلاشی افراد کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے استعفے کے متن میں کہا کہ موجودہ حالات میں بطور جج فرائض جاری رکھنا ان کے ضمیر کو گوارا نہیں، اسی لیے انہوں نے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ وکالت کے شعبے میں واپس آکر عوام کے حقوق کے تحفظ اور قانونی شعور اجاگر کرنے کے لیے کام کریں گے۔
جسٹس محسن کیانی اپریل 2026 تک اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج، یعنی سینیئر پیونی جج، تھے۔ 28 اپریل کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے محسن کیانی کا لاہور ہائیکورٹ ، جسٹس بابر ستار پشاور ہائیکورٹ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سندھ ہائیکورٹ تبادلے کی منظوری دی تھی۔
ان کا استعفیٰ 10 فروری 2032ء کو مقررہ تاریخِ ریٹائرمنٹ سے کئی سال قبل سامنے آیا ہے۔
جسٹس کیانی کا نام 2025 اور 2026 میں ہائیکورٹ ججوں کے تبادلوں، عدالتی سنیارٹی اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدے سے متعلق تنازعات کے باعث نمایاں رہا۔
ججوں کے تبادلوں کے معاملے پر وکلاء تنظیموں اور بعض قانونی حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ناقدین نے شفافیت اور عدالتی آزادی سے متعلق سوالات اٹھائے، دوسری جانب حکومت کا موقف تھا کہ یہ تبادلے آئینی طریقۂ کار کے مطابق کیے گئے۔
خیال رہے کہ جسٹس محسن کیانی اسلام آباد ہائیکورٹ کے ان 6 ججوں میں شامل تھے جنہوں نے مارچ 2024 میں حساس اداروں پر عدالتی امور میں مبینہ مداخلت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا۔ ججوں نے مبینہ مداخلت کے واقعات کی تحقیقات اور مستقبل میں ایسے اقدامات کی روک تھام کے لیے رہنمائی طلب کی تھی۔ خط پر جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے دستخط تھے۔
خط میں ججوں نے الزام لگایا تھا کہ ان کے رشتہ داروں کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنا کر ججوں پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں کی گئیں، جبکہ ان کے گھروں کے اندر خفیہ نگرانی بھی کی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں تبادلے کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنی سنیارٹی کھو دی تھی اور انہیں ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں 12ویں نمبر پر رکھا گیا تھا۔
ان کا استعفیٰ ہائیکورٹ میں ججوں کی نئی ڈیوٹی روسٹر کے بعد سامنے آیا، جس کے چند روز بعد وہ راولپنڈی رجسٹری میں سنگل بینچ کی سربراہی کے لیے جڑواں شہروں واپس آئے تھے۔
نئے ڈیوٹی روسٹر کے تحت انہیں راولپنڈی رجسٹری میں صرف سنگل بینچ سونپا گیا تھا حالانکہ اس سے قبل وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج (سینئر پیونی جج) رہ چکے تھے۔


