سعودی عرب کےشہر مکہ مکرمہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ مسجد الحرام میں بارش کے دوران عمرہ زائرین نے طواف اور دیگر عبادات جاری رکھیں۔
بارش کے باعث مسجد الحرام میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے، مکہ مکرمہ پر سیاہ بادل چھا گئے، جس کے بعد بارش شروع ہوگئی۔ بارش سے شہر اور اس کے قریبی علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والے زائرین بارش کے باوجود عبادات میں مصروف رہے۔
بارش کے دوران زائرین نے نماز ادا کی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، مسجد الحرام میں بارش اور خانہ کعبہ کے گرد طواف کے مناظر نے روحانی فضا کو مزید دلکش بنا دیا۔
سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) نے مملکت کے مختلف علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کا امکان ظاہر کیا تھا۔
سعودی گزٹ کے مطابق مکہ مکرمہ، عسیر، جازان، الباحہ، مدینہ منورہ، حائل، القصیم، تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے بعض حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ریاض اور مشرقی صوبے کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
Heavy Rain in Masjid Al Haram earlier today 🕋⛈️ https://t.co/KFoeklyF3C
— Weather Updates PK (@WeatherWupk) October 26, 2026
قومی مرکز برائے موسمیات نے متاثرہ علاقوں میں مختلف درجوں کے موسمی الرٹ جاری کیے ہیں، مکہ ریجن کے بعض علاقوں میں شدید بارش کے حوالے سے ریڈ الرٹ بھی جاری کیا گیا، جبکہ دیگر مقامات پر درمیانی بارش کے لیے اورنج الرٹ نافذ رہا۔
سیلابی ریلوں اور تیز ہواؤں کا خدشہ
سعودی حکام کے مطابق بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں، ژالہ باری، گرج چمک اور بعض مقامات پر اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ بھی موجود ہے۔ گردوغبار کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم افراد کو احتیاط برتنے، سیلابی پانی جمع ہونے والے مقامات اور وادیوں سے دور رہنے اور بارش کے پانی میں تیرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہری دفاع نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
موسمی حکام نے مختلف علاقوں میں بارشوں کی شدت اور دورانیے کے حوالے سے تازہ صورت حال پر نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
مکہ مکرمہ میں بارش کے دوران عمرہ زائرین کی عبادات کا سلسلہ جاری رہنے کے مناظر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کی توجہ حاصل کی جبکہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسمی صورت حال کے پیش نظر شہریوں اور زائرین کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔



