پاکستان نے بھارت میں شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں قومی ویٹرنز کرکٹ ٹیم اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہیں کر سکے گی۔
اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027، 23 جنوری سے 7 فروری تک بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں شیڈول ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں منعقدہ گزشتہ ایڈیشن میں کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، تاہم اب حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث دفاعی چیمپئن ٹیم آئندہ ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے گی۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عرفان احمد نے کہا ہے کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی فراہمی اور اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹیم کی شرکت کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے باضابطہ اجازت طلب کی تھی۔
عرفان احمد کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انہیں آگاہ کیا کہ پاکستانی ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس فیصلے کے بعد ایسوسی ایشن نے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان نے کہا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن حکومت کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور حکومتی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ٹیم کو بھارت نہیں بھیجا جائے گا۔
فواد اعجاز نے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایڈیشن جیت کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنا ٹیم کے لیے مایوس کن ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے منتظمین اور شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ اوور 50 کرکٹ میں 50 سال یا اس سے زائد عمر کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ اس طرز کی کرکٹ میں سابق فرسٹ کلاس اور بین الاقوامی کھلاڑیوں سمیت تجربہ کار کرکٹرز کو قومی سطح پر کھیلنے اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کا موقع ملتا ہے۔ پاکستان نے 2025 کے ایڈیشن میں کامیابی حاصل کرکے اس مقابلے میں اپنی برتری ثابت کی تھی۔



