اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے شمالی حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز تاجکستان کا علاقہ گرم چشمہ بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں محسوس کیے گئے، جن میں لوئر دیر، شبقدر، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، چترال، بالاکوٹ، پاڑا چنار، خیبر، بٹگرام اور دیر بالا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح کے علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ مختلف علاقوں میں زمین لرزنے پر شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دیامر اور چلاس شہر سمیت گردونواح کے علاقوں سے بھی زلزلے کی اطلاعات موصول ہوئیں، لوئر دیر، پاڑا چنار اور چلاس میں جھٹکوں کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔
زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں شہریوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
زلزلے کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے صورت حال کا جائزہ لیا جانا اہم ہے، شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی صورت میں پرسکون رہیں، کھڑکیوں اور بھاری اشیا سے دور رہیں اور عمارت کے اندر موجود ہوں تو محفوظ جگہ پر پناہ لیں۔


