ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا نے 9 ماہ سے بھی کم عرصے میں مذاکرات کو اچانک حملوں کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال کرکے سفارت کاری کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ تہران اپنے مفادات کے تحفظ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور اس سلسلے اسے کسی دوسرے ملک کے فیصلے کا انتظار نہیں۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو تہران میں ہفتہ وار پریس کانفرنس میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا نے نو ماہ میں دو مرتبہ مذاکرات کو اچانک حملوں کے لیے استعمال کرکے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت ختم کردی ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کا آغاز 28 فروری 2026 کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے فضائی حملوں سے ہوا تھا جو بعد ازاں پورے خطے میں پھیل گیا تھا۔ ایران نے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا تھا جس دوران سعودی عرب اور قطر کی حدود میں بھی حملے کیے گئے تھے۔
ان کے بقول سفارت کاری کا مقصد کشیدگی کو روکنا اور امن کو فروغ دینا ہے۔ لیکن واشنگٹن کے جارحانہ اقدامات نے اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے بقول تمام ممالک خاص طور پر ایران کو امریکا کے ساتھ اپنے تلخ تجربات کے پیشِ نظر اس کے سفارتی دعوؤں کو احتیاط سے دیکھنا چاہیے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ تہران اپنی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور وہ اس بات کا انتظار نہیں کر رہا کہ کوئی دوسرا ملک اس کی طرف سے فیصلے کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بیرونی فریقوں پر انحصار کر رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے خبردار کیا کہ امریکا یا کسی بھی دوسرے ملک کی جانب سے ایران پر فوجی حملے کا ضرور جواب دیا جائے گا اور اس کا فیصلہ ایران کی مسلح افواج کریں گی۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا ایران خطے کی صورتِ حال اور دیگر معاملات پر روس اور چین کے ساتھ مسلسل مشاورت کرتا رہتا ہے۔ ان کے بقول یہ دونوں ممالک تہران کے مؤقف سے واقفیت رکھنے والے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں جو واشنگٹن کے یکطرفہ اور محاذ آرائی پر مبنی طرزِ عمل کے مخالف ہیں۔
اسماعیل بقائی کے بقول امریکا اور اسرائیلی حکومت کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی ( آئی اے ای اے) کا کام متاثر ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے ایجنسی کی تازہ رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ امریکا اور بعض یورپی ممالک کے دباؤ پر ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق یکطرفہ رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔
پڑوسی ممالک میں امریکی اہداف کو نشانہ بنائے جانے سے متعلق ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران نے ہمسایہ ممالک کی خود مختاری کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ ان کے بقول ایران کی دفاعی کارروائیاں اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی شق 51 کے تحت کی گئی اور ان کا ہدف صرف امریکی فوجی اڈے اور وہ تنصیبات تھیں جو ایران پر حملوں میں استعمال ہوئیں۔
یاد رہے کہ اس جنگ کے دوران ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے تھےجبکہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کی اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت محدود کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب امریکا نے بھی ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
اتوار کو بھی ایران پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی فضائیہ نے ’امریکی جارحیت کے جواب میں‘ کارروائی کے دوسرے مرحلے کے دوران بحرین میں امریکی ارلی وارننگ ریڈار کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ تاہم بحرین نے اتوار کو ہی ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے ایران کے کئی فضائی حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو واشنگٹن کا چیف مذاکرات کار مقرر کیے جانے اور نائب صدر جے ڈی وینس کو اس عمل سے الگ کیے جانے کی رپورٹس سے متعلق سوال پر کہا کہ امریکی عہدے داروں کی تبدیلی تہران کی بنیادی تشویش نہیں ہے۔
ان کے بقول ایران امریکا کو اس کی حکومت کے طرزِ عمل سے پرکھتا ہے نہ کہ انفرادی عہدے داروں یا سیاسی جماعتوں کی بنیاد پر۔ انہوں نے اس شبہے کا بھی اظہار کیا کہ آیا ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے فیصلے واقعی واشنگٹن میں ہی کیے جا رہے ہیں یا نہیں۔




