سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرکے فتنہ الخوارج کا دہشتگرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کہا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد کمانڈر دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا اور 2024 سے گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کر رہا تھا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ دہشتگرد کمانڈر غیر مقامی دہشتگردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان میں رہائش فراہم کرتا تھا، کمانڈرسکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کیلئے بھتہ خوری میں ملوث رہا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجی کمانڈر کے خلاف 19 ایف آئی آرز درج تھیں، اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قلعہ سیف اللہ میں دہشتگرد کمانڈر کی ہلاکت سکیورٹی فورسزکی مہارت کا مظہر ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ تک جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں، فتنہ الخوارج کے دہشتگرد کمانڈر کے خلاف کامیاب کارروائی امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر حکمت عملی کی عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



