پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع قلات کے علاقے جتک آباد (Jattakabad)میں 18 اکتوبر2026 کو انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔اس دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے ان کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے،وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
’میجروجاہت وحید شہید کوخراجِ عقیدت پیش‘
صدر آصف زرداری نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
آصف زرداری نے وطن کے دفاع کیلئے میجر وجاہت وحید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا بلوچستان کے ضلع قلات اور ضلع گوادر کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدر زرداری کا ضلع گوادر کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی شہادت پر اظہارِ افسوس۔
صدر کا وطنِ عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے میجر وجاہت وحید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت۔
صدرِ پاکستان کا شہید میجر وجاہت وحید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار۔
صدرِ مملکت کا ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین۔
دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا: صدر
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 19, 2026
صدرمملکت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں اور سہولت کاروں کی سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے پسنی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے ملکی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو بہادر سپوت پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے شہید میجر کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی قلات اور پسنی میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جامِ شہادت نوش کرنے پر میجر وجاہت وحید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میجر وجاہت وطن عزیز کے امن کیلئے جان نچھاور کرکے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔ شہداء کے لہو کا ہر قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، قوم ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

