راجن پور میں انڈس ہائی وے پر مسافر بس الٹنے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس راجن پور سے ڈیرہ غازی خان جا رہی تھی کہ انڈس ہائی وے پر ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال کر دیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر راجن پور بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر راجن پور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی مسافروں کو اسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
دریں اثنا وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے راجن پور کے قریب بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کے بہترین علاج کی ہدایت کی ہے۔
مریم نواز شریف کی زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے راجن پور کے علاقے شاہ والی، انڈس ہائی وے پر دسمبر 2022 میں بھی ٹریفک کا خوفناک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں دو مسافر بسوں کے تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثے کی ابتدائی وجہ شدید دھند اور تیز رفتاری بتائی گئی تھی۔


