بنگلادیش کی میزبانی میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے زمبابوے کو 158 رنز سے شکست دے دی تاہم یکطرفہ مقابلے کے دوران برائن بینیٹ کے آؤٹ ہونے کے متنازع فیصلے نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔
کرکٹ ویب سائٹ کری ایکس کے مطابق افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صدیق اللہ اٹل کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اننگز میں 294 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم ابتدائی وکٹیں جلد گنوا بیٹھیں، زمبابوے کا اسکور صرف 26 رنز تھا اوراس کے تین کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے کہ برائن بینیٹ کی وکٹ پرتنازع کھڑا ہوگیا۔
افغانستان کے فاسٹ بولر امزت اللہ عمرزئی نے اننگز کے آٹھویں اوور کی آخری گیند اچھی لینتھ پر کرائی، جو نیچی رہی اور برائن بینیٹ کے بلے کیلئے اسے کھیلنا مشکل ہوگیا، گیند سیدھی وکٹوں سے ٹکرائی اوراسٹمپس بکھر گئے۔
Biggest controversy of cricket history. 🥶
– Omarzai clean bowled the Brian Bennett, Omarzai towel was dropped just before the bowl delivered
– The umpire called it dead ball. I think, Brian Bennett played it.😱 https://t.co/vtltSJuBFw
— Cric x Dawood (@CricxDawood) October 20, 2026
افغانستان کے کھلاڑیوں نے وکٹ ملنے پر جشن منانا شروع کردیا لیکن بینیٹ نے امپائرسے شکایت کی کہ بولر کے رن اپ کے دوران اس کی پتلون سے تولیہ گرنے کے باعث ان کی توجہ بٹ گئی تھی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے قانون 20.4.2.6 کے مطابق اگربیٹر گیند کا سامنا کرنے کی تیاری یا گیند کھیلتے وقت کسی آواز، حرکت یا کسی اور وجہ سے توجہ بٹنے کا شکار ہو تو امپائر ڈیڈ بال قرار دے سکتا ہے۔ یہ قانون میدان کے اندر یا باہر پیش آنے والے واقعے پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
برائن بینیٹ کا مؤقف تھا کہ تولیہ گرنے کے واقعے نے انہیں گیند کھیلنے کے لیے تیار ہونے میں متاثر کیا، جس پر امپائر نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد ڈیڈ بال کا اشارہ دے دیا۔
یوں گیند وکٹوں سے ٹکرانے کے باوجود بینیٹ کو آؤٹ قرار نہیں دیا گیا۔
افغانستان کے کھلاڑی اس فیصلے سے ناخوش دکھائی دیے ان کا مؤقف تھا کہ بینیٹ اسٹمپس سے ہٹے نہیں تھے اور تولیہ گرنے کے باوجود شاٹ کھیلنے کے لیے تیار تھے، اس لیے گیند کو ڈیڈ بال قرار دینا درست نہیں تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اس فیصلے پرکافی دیر بحث جاری رہی، تاہم امپائر کے فیصلے کے بعد کھیل آگے بڑھا۔ اس متنازع واقعے نے افغانستان کی بڑی فتح کے دوران میچ کو غیر معمولی توجہ دلا دی۔



