پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے جنوبی افریقی لیجنڈ ہاشم آملہ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں 141 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف 45 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد ان کے ون ڈے رنز کی تعداد 6671 ہوگئی ہے۔
BABAR AZAM MAKES HISTORY! 🇵🇰🔥
– Babar Azam now holds the record for the most ODI runs after 141 innings, surpassing Hashim Amla! https://t.co/oYkDwxjz4L
— PTV Sports (@PTVSp0rts) October 19, 2026
ہاشم آملہ نے اتنی ہی اننگز میں 6626 رنز بنائے تھے جبکہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ویرات کوہلی نے 6224 رنز بنائے تھے۔
گزشتہ روز سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں بابراعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز بھی مکمل کئے تھے ، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پانچویں پاکستانی بلے باز بنے ۔
بابر اعظم نے یہ کارنامہ 399 اننگز میں انجام دیا اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے محمد یوسف نے 388 اننگز، جاوید میانداد نے 398 اننگز، انضمام الحق نے 432 اننگز جبکہ یونس خان نے 449 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔
بابر اعظم کے کیرئیر پر ایک نظر
لاہور میں پیدا ہونے والے بابر اعظم کا تعلق کرکٹ سے وابستہ اکمل برادران کے خاندان سے ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جونیئر کرکٹ میں مختلف مراحل طے کیے۔ وہ 2008 میں انڈر 15 کرکٹ کا حصہ بنے، جبکہ 2010 اور 2012 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔
بابر اعظم نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں مسلسل3 سنچریاں اسکور کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس وقت ان کی عمر 21 سال تھی۔ اس سے قبل وہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرچکے تھے جس کے پہلے میچ میں انہوں نے نصف سنچری بنائی تھی۔
ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کرلیا گیا۔ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد بابر اعظم نے پاکستان کے نمایاں بلے باز کے طور پر اپنی جگہ مستحکم کرنا شروع کردی۔
2018 تک بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل میں 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر دوسرے تیز ترین بیٹر بن چکے تھے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین بیٹر بھی بنے۔
بابر اعظم نے 2022 میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے سرفہرست تین بیٹرز میں جگہ بنائی۔ اسی سال انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 11 سو 84 رنز اسکور کیے جن میں چار سنچریاں شامل تھیں۔
2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی اور ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کے بعد بابر اعظم کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی فارم بھی متاثر ہوئی اور 2023 اور 2024 کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں وہ صرف ایک نصف سنچری اسکور کرسکے جبکہ ان کی اوسط 21.36 رہی۔
2023 کے اواخر میں انہوں نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد ٹیم میں ان کی حیثیت ایک سینئر کھلاڑی کی رہی،اس وقت وہ صرف پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔



