نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مغربی ایشیا میں جاری پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا جبکہ قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ایرنا (IRNA) کے مطابق عباس عراقچی نے بغداد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے 52ویں اجلاس میں شرکت کے دوران اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ امور اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مغربی ایشیا کی صورتحال اور علاقائی استحکام سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق گفتگو میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اوراستحکام کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی حالات کے تناظر میں سفارتی رابطوں اور باہمی مشاورت کی اہمیت پر گفتگوکی۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 held a telephone conversation today with the Foreign Minister of Iran, Seyyed Abbas Araghchi @araghchi.
The two leaders discussed the evolving regional situation and the ongoing OIC Council of Foreign Ministers meeting in Baghdad. DPM/FM underscored the importance of continued dialogue and diplomacy in addressing regional challenges.
The two leaders agreed to maintain close contact.
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 18, 2026
پاکستانی دفترخارجہ نے بھی دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گفتگو میں علاقائی صورتحال اوربغداد میں جاری اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے اس بات پرزوردیا کہ خطے کو درپیش پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران علاقائی معاملات پرمشاورت اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بغداد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں رکن ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اہم علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور ایران خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی روابط کو اہمیت دیتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان تازہ گفتگو میں بھی مذاکرات، سفارت کاری اور قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔



