بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچواں اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی ۔
بنگلورو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث مقابلے کو مختصر کرکے ہر ٹیم کے لیے نو اوورز تک محدود کردیا گیا، تاہم بھارتی اننگز بھی مکمل نہ ہو سکی۔
بھارت نے 7.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔ بھارتی بیٹرز نے مختصر اننگز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، تاہم ویسٹ انڈیز کو ہدف کے تعاقب کا موقع نہ مل سکا۔
بھارتی بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ
بھارت کی جانب سے ایشان کشن نے 10 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سنجو سیمسن نے 7 گیندوں پر 16 رنز بنائے، جبکہ کپتان شریاس آئر نے 14 گیندوں پر 22 رنز اسکور کیے۔
نامن دھیر نے صرف 6 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے۔ تلک ورما 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ابھیشیک شرما نے 6 رنز اسکور کیے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار اسپرنگر اور کیمو پال نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شمار جوزف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سیریز کے پہلے چار میچوں کے نتائج
پانچ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ بھارت نے پہلا اور تیسرا میچ جیتا، جبکہ ویسٹ انڈیز نے دوسرے اور چوتھے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی تھی۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی ویسٹ انڈیز نے جیتا بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
بھونیشور کمار کی واپسی بھی بارش کی نذر
فیصلہ کن میچ میں بھارتی فاسٹ بولر بھونیشور کمار کی تقریباً چار سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی۔ انہیں ارشدیپ سنگھ کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکا۔
سیریز میں دونوں ٹیموں نے دو، دو میچ جیتے، جبکہ آخری مقابلہ بے نتیجہ ختم ہونے کے باعث سیریز برابر رہی۔



