پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز اتوار 18 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گی۔
سیریز کا مقصد آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تیاریوں کو بہتر بنانا ہے، جس کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔
افتتاحی میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں ہو گا۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے کپتانوں نے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے حوالے سے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے اور کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اچھی کارکردگی دکھانا ضروری ہے، شاہین آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سہ ملکی سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے لیے اس سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانا ضروری ہے تاکہ عالمی ایونٹ سے قبل بہترین تیاری کی جاسکے۔
Pakistan Captain Shaheen Shah Afridi Press Conference ahead of ODI Tri-Series 2026
#PAKvENG | #PAKvSL | #CricketKaJashan https://t.co/iq0He0Vjl8
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 17, 2026
شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ تمام ٹیمیں بھی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہیں۔
انہوں نے بابراعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بابر پر کوئی پریشر نہیں ہے، وہ اس ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس نے ہوم سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، بابراعظم نے پاکستان کیلئے رنز کیے ہیں، ہمارا فوکس اس بات پر ہے کہ ہم نے میچ جیتنا ہے۔
سہ ملکی سیریز میں پاکستان کے لیے اہم پیش رفت اسٹار بیٹر بابر اعظم کی ون ڈے ٹیم میں واپسی ہے۔ بابر اعظم کو سری لنکا کے خلاف گزشتہ ہفتے ختم ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا، جس میں پاکستان نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔
ون ڈے سیریز میں ان کی شمولیت سے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تقویت ملے گی۔
پاکستان کرکٹ کھیلنے کیلئے بہترین جگہ ہے، ہیری بروک
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلنا ان کی ٹیم کے لیے بہترین موقع ہے اور اس سے کھلاڑیوں کو آئندہ عالمی مقابلوں کے لیے تیاری میں مدد ملے گی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھیلنے کے باعث انہیں پاکستان کی کنڈیشنز کا کافی اندازہ ہے۔ پاکستان کی ہوم گراؤنڈ پر ٹیم انگلینڈ کے لیے منفرد اور مشکل چیلنج ثابت ہوگی۔
England captain Harry Brook press conference before ODI Tri-Series 2026
#PAKvENG | #CricketKaJashan https://t.co/rtHZKa3RKA
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 17, 2026
ہیری بروک کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی موجودہ ٹیم زیادہ تجربہ کار نہیں، تاہم وہ اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لیے بہترین جگہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انگلینڈ فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے تو اس سے ٹیم کو اپنی موجودہ صلاحیت اور تیاریوں کا اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔
انگلینڈ کی ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔ انگلش ٹیم کو اسٹار بیٹر جوس بٹلر کی انجری اور فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو آرام دیے جانے کے باعث ان کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
تاہم انگلینڈ حالیہ ون ڈے سیریز میں اچھی فارم کے ساتھ پاکستان پہنچ رہا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف دو اور بھارت کے خلاف ایک ون ڈے سیریز جیت کر مسلسل تین سیریز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔
سری لنکن کپتان بھی پُرامید
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے ٹیم نے منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور انہیں امید ہے کہ سہ ملکی سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری نظر آئے گی۔
ان کے مطابق ٹیم کی کوشش ہوگی کہ سیریز کے دوران اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے آئندہ عالمی مقابلے کے لیے بہتر تیاری کی جائے۔
Sri Lanka captain Kusal Mendis press conference before ODI Tri-Series
#PAKvSL | #CricketKaJashan https://t.co/3CLHhlKWQa
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 17, 2026
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ سہ ملکی سیریز ان کی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے اور وہ اپنے اسکواڈ سے مطمئن ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا، جبکہ ون ڈے فارمیٹ میں بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی جائے گی۔
کوشل مینڈس کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف گزشتہ سیریز میں سری لنکن ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ آئندہ مقابلوں میں بھی اسی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی پاکستان اور انگلینڈ مدمقابل ہوں گے۔
22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ سیریز کے باقی میچ لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ لاہور میں ہو گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا۔
تینوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔
ورلڈ کپ سے قبل بڑی آزمائش
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا تینوں ٹیمیں ماضی میں ون ڈے ورلڈ کپ جیت چکی ہیں، تاہم حالیہ عالمی مقابلوں میں ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔
پاکستان نے 1992 میں عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتا تھا، لیکن قومی ٹیم 2011 کے بعد سے ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی۔ بھارت میں 2023 میں ہونے والے آخری ورلڈ کپ میں پاکستان پانچویں نمبر پر رہا تھا۔
انگلینڈ نے 2019 میں اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تاہم 2023 کے ایونٹ میں ٹیم ساتویں پوزیشن پر رہی۔
سری لنکا نے 1996 میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، لیکن حالیہ برسوں میں ٹیم بھی بڑی کامیابی حاصل کرنے میں مشکلات کا شکار رہی ہے۔



