وزارت خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کے لیے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت شہری اب گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکیں گے اور تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر انہیں ای سرٹیفکیٹ ای میل کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اعلیٰ تعلیم یا ملازمت کی غرض سے بیرون ملک جانے کے خواہشمند شہریوں کو فارن آفس سے اپنی تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقات دستاویزات فارن آفس سے تصدیق کرانے ہوتے ہیں۔ فارن آفس سے تصدیق کرانے سے پہلے ان دستاویزات کو جاری کردہ اداروں سے اٹیسٹ کرانا لازم ہے جیسے تعلیمی اسناد کو متعلقہ بورڈز، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے۔
اگرچہ تصدیق کے باقی مراحل بھی آسان نہیں ہیں لیکن فارن آفس کا مرحلہ دشوار ترین تھا جہاں شہری کئی کئی دن تک اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو پاتے تھے اور ایجنٹ مافیا کا بھی راج تھا جو شہریوں سے فارن آفس کے عملے کی مبینہ معاونت سے اس کام کے عوض ہزاروں روپے بٹورتے رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اس ضمن میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے گھپلوں میں ملوث دفتر خارجہ کے 2 اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسی طرح جیو ٹی وی نے ایک رپورٹ میں فارن آفس کے دستاویزات کی تصدیق کے نظام سے متعلق داخلی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایک سال کے دوران غیر سرکاری ذرائع سے شہریوں سے 12 ارب روپے تک وصول کیے گئے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز بزنس ریکارڈر اخبار کے ایک صحافی نے ترجمان دفتر سے نائب وزیر اعظم کی جانب سے بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کی تفصیلات شیئر کرنے کی درخواست کی تھی۔
تاہم ترجمان اس حوالے سے میڈیا کو زیادہ بریف نہ کر سکے کیونکہ ان کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان کا تعلق وزارت خارجہ سے نہیں اور جب ان کی کارروائی مکمل ہو جائے گی تو وہ خود اس کا اعلان کریں گے۔
ترجمان نے اتنا ضرور بتایا کہ فارن آفس دستاویزات کی تصدیق کے نظام کو تیز، شفاف اور عام شہریوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی بنانے کی غرض سے ڈیجیٹل نظام کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے ای اٹیسٹیشن سروس شروع کی جا چکی ہے، جبکہ ای اپوسٹائل کے اجرا کے لیے بھی کام جاری ہے۔ اس نظام میں آن لائن درخواستیں، الیکٹرانک ادائیگیاں، ڈیجیٹل تصدیق اور الیکٹرانک سرٹیفکیشن شامل ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق نیا نظام 12 اکتوبر 2026 سے فعال ہے اور اس کا اطلاق اسلام آباد کے مرکزی دفتر سمیت لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں قائم رابطہ دفاتر پر بھی ہو گا۔
The Ministry of Foreign Affairs has launched the Digital Attestation System, effective 12 October 2026, to facilitate citizens through an efficient and convenient online process for document attestation.
🔗 https://t.co/VT6GgrCs6b https://t.co/g3teM8Uf1w
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 17, 2026
نئے نظام کے تحت شہریوں کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی، درخواست موصول ہونے کے بعد دستاویزات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کی جائے گی، جس کے بعد درخواست گزار کو آگاہ کیا جائے گا۔
دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو آن لائن فیس جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، فیس کی ادائیگی کے بعد ای سرٹیفکیٹ درخواست گزار کو ای میل کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے اس اقدام سے شہریوں کے وقت اور محنت کی بچت ہو گی، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کا عمل بھی مزید تیز اور آسان بنانے میں مدد ملے گی، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو قطاروں اور طویل انتظار سے بھی نجات ملنے کی توقع ہے۔


