فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق یہ فیصلہ مختلف تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے کی جانے والی درخواستوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق، اس ریلیف کا اطلاق ان افراد پر ہوگا جن کے لیے گوشوارے جمع کرانے کی اصل آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 تھی اور بعد میں اسے بڑھا کر 15 اکتوبر 2026 کیا گیا تھا۔
انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214A کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اب اس تاریخ میں مزید پندرہ دن کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ٹیکس دہندگان اب بغیر کسی جرمانے کے 31 اکتوبر 2026 تک اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کر سکتے ہیں۔
گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ مزید بڑھا دی گئی ہے، مقررہ وقت تک گوشوارے جمع نہ کرانے پر بھاری جرمانے عائد کیے جاسکتے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے اب 31 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
ایف بی آرکا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان آخری تاریخ گزرنے سے قبل اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرادیں تاکہ انہیں جرمانوں اوردیگر قانونی کارروائی سے بچنے میں مدد مل سکے۔
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ آخری روز کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت اپنے گوشوارے مکمل کرکے جمع کرائیں۔
آن لائن گوشوارے جمع کرانے کی سہولت
ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے شہریوں کو آن لائن سہولت سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ ٹیکس دہندگان ایف بی آر کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے گوشوارے جمع کراسکتے ہیں جبکہ ٹیکس آسان ایپ بھی اس مقصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام کے ذریعے ٹیکس دہندگان گھر بیٹھے اپنے گوشوارے جمع کراسکتے ہیں، جس سے ٹیکس دفاتر جانے کی ضرورت بھی کم ہوجاتی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق جو افراد گوشوارے جمع کرانے کے طریقہ کار یا ٹیکس سے متعلق کسی معاملے میں رہنمائی چاہتے ہیں وہ ایف بی آر کی ہیلپ لائن سے رجوع کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان قریبی ایف بی آر دفتر سے بھی ضروری معلومات اور معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔


